فٹبال کے کھیل پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، کھیل سے منسلک کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے سامنے آسکیں، ڈاکٹر سید سیف الرحمن

بدھ 15 اگست 2018 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ فٹبال کے کھیل پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس کھیل سے منسلک کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے سامنے آسکیں۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کھیلا جانے والا کھیل فٹبال ہی ہے ، یہ کھلاڑی ہی ہوتے ہیں جو دوسرے کئی لوگوں کو خوشیاں فراہم کرتے ہیں ۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے کھیل کے میدانوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کررہی ہے ، مختلف میدانوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ مزید میدانوں کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کے لیے انہیں زیادہ سے زیادہ فائدہ مند بنانے کے لیے کام جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی فٹبال گرائونڈ میں منعقدہ فٹبال میچ کے موقع پر تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

فٹبال میچ جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کی جانب سے رکھاگیا تھا جس میں اہم مقابلہ کے ایم سی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی فٹبال ٹیموں کے درمیان تھا جبکہ اس سے قبل مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے درمیان بھی فٹبال میچ کھیلا گیا۔کے ایم سی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی فٹبال ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے تین کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کر کے ونر ٹرافی اپنے نام کر لی،تقریب میں کھیل و ثقافت کمیٹی کے چیئرمین اعجاز احمد خان ‘ سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس خورشید شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی پیش کی جبکہ تمام کھلاڑیوں کو میڈلز بھی پیش کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ کے ایم سی فٹ بال گرائونڈ کو بہتر بنانے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا ، یہ گرائونڈ ابھی بھی بہت اچھی حالت میں ہے مگر اسے مزید بہتر بنانے کے لیے کام کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ فٹبال جہاں دنیا بھر میں مقبول ترین کھیل ہے وہیں کراچی میں بھی اس کی مقبولیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا،ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے اور وہ تمام تر اقدامات یقینی بنائے جائیں کہ جن کی بدولت اس کھیل کو فروغ حاصل ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف مقامات پر جو میدان موجود ہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا شعبہ پارکس اپنے طور پر ان میدانوں اور باغات کی رکھوالی کا کام کررہا ہے مگر ساتھ ہی ساتھ یہ وہاں کے مقامی لوگوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات پر نظر رکھیں کہ کسی کی جانب سے بھی ان پارکوں اور میدانوں میں قبضے نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی فٹبال ٹیم کو فعال بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اسے تمام تر سہولتیںفراہم کی جائیں، انہوں نے فٹبال میچ کے انعقاد پر محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کو مبارکباد پیش کی اور اس توقع کااظہار کیا کہ آئندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائی جائیں گے۔میچ کے اختتام پر میدان میں خوبصورت آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔#