امریکا میں پاکستانی سفیر 27اگست کو نیب میں طلب

طلبی مراسلہ امریکہ میں قونصل خانے ،رہائش گاہ ‘پاکستان میں ذاتی رہائش گاہ پر ارسال فواد حسن ‘علی جہانگیر صدیقی کے درمیان تمام کاروباری معاہدوں کی تفصیلات بھی طلب راولپنڈی میں8کنال اراضی کا معاہدہ جو فواد حسن فواد اور علی جہانگیر صدیقی کے اہلخانہ کے درمیان ہوا، ’’ازگرڈ نائن لمیٹڈ ‘‘ کمپنی کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے 2 کروڑ سے زائد یورو چوری کیے،حکام

جمعرات 16 اگست 2018 19:21

امریکا میں پاکستانی سفیر 27اگست کو نیب میں طلب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کوتحقیقات کیلئے ذاتی حیثیت میں 27 اگست کو طلب کرلیا ہے ۔نیب حکام کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے سرمایہ کار کمپنی ’’ازگرڈ نائن لمیٹڈ ‘‘کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے مونٹے بیلو نامی کمپنی خریدنے کے لیے مبینہ طور پر 2 کروڑ 37لاکھ 58 ہزار یورو کے فنڈز چوری کیے۔

اس خریداری کیلئے انہوں نے ایک غیر ملکی کمپنی فیریٹل ایس آر ایل کا استعمال کیا ‘جس کی وجہ سے مذکورہ کمپنی اور اس کے حصص دارو ں کو نقصان پہنچا۔نیب حکام کے مطابق ایک اور کمپنی جس کا نام ’’ایگری ٹیک ‘‘تھا کے حصص مختلف مالیاتی اور حکومتی اداروں کو منڈی کے نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کیے گئے تا کہ اس کے قرضوں کو بوجھ کو کم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں متعدد حکومتی اور دیگر مالیاتی اداروں کو تقریباً 40 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ 2016 میں سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے 2016 میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ازگارڈ نائن گروپ کے حصص کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھا کر 24 روپے سے 70 روپے کی گئی، جبکہ اس کی ادائیگی بھی کسی نامعلوم پارٹی کو کی گئی۔

اس سلسلے میں نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کو تحقیقاتی ٹیم کے روبرو بذاتِ خود پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی رواں برس اپریل میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے اور اسٹاک مارکیٹ میں مبینہ ہیرا پھیری کے کیس میں اپنے کردار کے حوالے سوالات کے جواب دیے تھے۔اس کے علاوہ نیب حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد سے تحقیقات کے دوران اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ فواد حسن اور امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کے درمیان کاروباری شراکت داری کا انکشاف ہوا ‘علی جہانگیر صدیقی سے فواد حسن فواد کیساتھ ہونے والے تمام کاروباری معاہدوں کا ریکارڈ ز بھی طلب کر لیا گیا ہے۔نیب حکام کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کی کمپنی سپرٹ سروسز کے درمیان اور راولپنڈی میں8کنال اراضی کے معاہدہ جو فواد حسن فواد اور علی جہانگیر صدیقی کے اہلخانہ کے درمیان ہوا ‘فواد حسن فواد کا راولپنڈی میں ’’دی مال‘‘کے نام سے ایک پلازہ زیر تعمیر ہے ‘جس کے کیلئے انہوں نے مختلف بینکوں سے قرضے حاصل کئے ۔

نیب حکام کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی ان تمام معاہدوں ‘قرضوں کی تفصیلات کے ہمراہ 27اگست کو ذاتی حثیت میں نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہو کراپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔نیب حکام کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کو طلبی کا مراسلہ امریکہ میں انکی قونصل خانے کی رہائش گاہ اور پاکستان میں ذاتی رہائش گاہ پر ارسال کر دیا گیا ہے