Live Updates

عمران خان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا

عمران خان سے صدر مملکت ممنون حسین نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 10:23

عمران خان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں نو منتخب وزیر اعظم عمران خان نے حلف اُٹھا لیا۔  وزیر اعظم عمران خان سے صدر مملکت ممنون حسین نے حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست شریک تھے۔

تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔
بشریٰ بی بی نے ایوان صدر روانگی سے قبل ایک تصویر بھی بنوائی جو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس تصویر میں بشریٰ بی بی کے ہمراہ ان کی دوست اور عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ایوان صدر میں وزارت عظمٰی کے عہدے کی حلف برداری سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا
جس کے بعد کابینہ سیکرٹری نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی، تقریب حلف برداری کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے کالے رنگ کی شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔

حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے جس کے بعد  نو منتخب وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم ہاؤس روانہ ہوئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ عمران خان کو سخت سکیورٹی میں ایوان صدر پہنچایا گیا۔ایوان صدر روانگی سے قبل عمران خان نے پروٹوکول لینے سے انکار کردیا جس کے بعد عمران خان بغیر پروٹوکول کے ہی ایوان صدر روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے انتخاب ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات