مالی سال 2017-18ء کے دوران ملک میں زرعی مشینری کی درآمدات میں 4.77فیصد اضافہ

ہفتہ 18 اگست 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) گذشتہ مالی سال 2017-18ء کے دوران ملک میں زرعی مشینری کی درآمدات میں 4.77فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں 124.412 ملین ڈالر لاگت کی زرعی مشینیری کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو پیوستہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 4.77 فیصد زیادہ ہے،مالی سال 2016-17ء میں زرعی مشینیری کی درآمدات پرپاکستان نے 118.74 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس عرصہ میں دیگر مشینیری کی درآمدات پر 3.666 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، دیگر مشینیری کی درآمدات میں اضافہ کی شرح 9.28 فیصد رہی۔اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں ٹیلی کام کے شعبہ سے منسلک مشینیری کی درآمدات پر1.53ارب ڈالر کازرمبادلہ خرچ ہوا، پیوستہ مالی سال میں ٹیلی کام کے شعبہ سے منسلک مشینیری کی درآمدات پر1.35ارب ڈالر کازرمبادلہ صرف ہواتھا۔اعداد وشمارکے مطابق اس عرصہ میں 847.65 ملین ڈالر لاگت کے موبائل فون کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔مالی سال 2016-17ء میں موبائل فونز کی درآمدات پرپاکستان نے 709.69 ملین ڈالر کازرمبادلہ خرچ کیا تھا۔