Live Updates

اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،مزمل اقبال ہاشمی

ملی مسلم لیگ آج کراچی کے تمام صوبائی حلقوں میں توہین رسالت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی،نائب صدر

ہفتہ 18 اگست 2018 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اعلان امن عمل کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ ملی مسلم لیگ آج 19 اگست کو کراچی کے تمام صوبائی حلقوں میں توہین رسالت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

شہر کے 44 مقامات پر بعد نماز عصر احتجاجی مظاہروں سے ملی مسلم لیگ کے ضلعی و حلقہ جاتی ذمے داران اور علمائے کرام خطابات کریں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ گستاخی کا ارتکاب کرنے والوں کو واضح پیغام دینے کی ضرورت ہے۔ مسلم ممالک سے ہالینڈ کے سفیروں کو ملک بدر کرکے ہالینڈ کو گستاخانہ اقدام سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جائے۔

(جاری ہے)

مسلم حکمران توہین رسالت کے واقعات کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر مضبوط لائحہ عمل ترتیب دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ پاکستان اور بیرون ملک بھی پاکستان و عالم اسلام کے مسائل حل کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ نئی حکومت کو گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف مسلم ممالک کی حکومتوں کو ساتھ ملاکر قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ پارلیمانی جماعتیں بھی سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس مسئلے کو پارلیمنٹ ہا?س میں زیر بحث لائے اور قرارداد منظور کرکے حرمت رسول کے لیے مل کر کردار ادا کریں۔

ہمارے اتحاد سے ہی اسلام دشمن قوتوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج بروا اتوار بعد نماز عصر کراچی کے تمام صوبائی حلقوں میں ملی مسلم لیگ کے تحت احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جس میں حکمرانوں سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ عوام احتجاجی مظاہروں میں بھرپور انداز سے شرکت کرکے حرمت رسول کی خاطر متحد ہونے کا ثبوت دے۔#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات