پی ٹی آئی کی نو منتخب حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تمام اداروں میں میرٹ کو یقینی بنائے گی،کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو گا،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 19 اگست 2018 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نو منتخب حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے ملک کے تمام اداروں میں میرٹ کو یقینی بنائے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی کے حصول کے لیے 100 روزہ روڈ میپ دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی ملک سے کرپشن کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنائے گی،کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو گا۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ قانون ہر شخص کے لیے برابر ہو گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے جو ملک میں بنیادی تبدیلیاں لائے گی۔ پاک بھارت تعلقات کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیوں سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی نومنتخب حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم کشمیریوں پر بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔