سندھ رینجرز نے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی

قربانی کی کھالوں کی جمع گاہوں اور وہاں سے ان کی اجتماعی جمع گاہوں تک ترسیل کی بھی خصوصی نگرانی کی جائے گی حکومت کی ہدایت پر کسی بھی شخص کو لائسنس یافتہ یا غیر قانونی اسلحہ ، ڈنڈے ، لاٹھیاں اور سلاخیں لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی

منگل 21 اگست 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے عید الاضحی کے موقع پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں امن وامان کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ عیدالاضحی کے دنوں میں پاکستان رینجرز سندھ اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر ہائی الرٹ رہیں گے ۔

مزید برآں حکومت سندھ کی جانب سے ترتیب دیئے گئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا ۔ قربانی کی کھالوں کی جمع گاہوں اور وہاں سے ان کی اجتماعی جمع گاہوں تک ترسیل کی بھی خصوصی نگرانی کی جائے گی اس کے علاوہ سندھ حکومت کی طرف سے دیئے گئے خصوصی احکامات کی روشنی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی شخص کو لائسنس یافتہ یا غیر قانونی اسلحہ ، ڈنڈے ، لاٹھیاں اور سلاخیں لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی اور ایسے حالات میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائیگا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کراچی شہر میں اسنیپ چیکنگ ، موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت کو مزید موثر اور فعال کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ تمام بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں اور ساتھ ہی ساتھ عوام الناس سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ اخوت اور بھائی چارگی کی فضاء کو قائم رکھیں اور عیدالاضحی کے موقع پر امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔