اتنی جلدی فتح کا دعویٰ نہ کریں

میں جلد ہی تمہاری بربریت سب کے سامنے لاؤں گا۔ گریٹ وائلڈرز کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 1 ستمبر 2018 11:53

اتنی جلدی فتح کا دعویٰ نہ کریں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم ستمبر 2018ء) : ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونے کے بعد پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں موجود مسلم اُمہ نے سُکھ کا سانس لیا۔ لیکن گستاخ رسول گیرٹ وائلڈرز نے مسلمانوں کو مزید دھمکی دے دی ۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کے بعد وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیان دیا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی مسلم امہ کے لیے ایک اخلاقی فتح ہے۔

جس پر گستاخ رسول گیرٹ وائلڈرز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی حکومت ، اتنی جلدی اپنی فتح کا دعویٰ نہ کریں، میں نے ابھی ہار نہیں مانی۔ میں دیگر طریقوں سے آپ کی بربریت کو بے نقاب کروں گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دو روز قبل ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیے گئے۔

گستاخ رسول گیرٹ وائلڈرز قتل کی دھمکیوں کے باعث مقابلہ منسوخ کرنے پر مجبور ہوا، حکومت پاکستان کی کامیاب اور موثر سفارت کاری نے بھی مقابلے کو منسوخ کروانے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔ پاکستان میں عوام کی جانب سے کیے جانے والے بھرپور احتجاج اور حکومت پاکستان کے موثر موقف اور سخت ردعمل کے باعث ہالینڈ میں شیڈول گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا گیا پاکستان میں جاری شدید احتجاج اور حکومت پاکستان کی جانب سے ڈالے جانے والے مسلسل دباؤ کے باعث ڈچ سیاستدان گیرٹ وائلڈرز نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا
۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے اس حساس معاملے پر ڈچ حکومت سے متعدد مرتبہ رابطہ کرکے احتجاج کیا اور مقابلہ منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

حکومت پاکستان ڈچ سفیر کو ملک بدر کرنے پر بھی غور کر رہی تھی۔ جبکہ اس معاملے کو او آئی سی اور اقوام متحدہ میں بھی بھرپور انداز میں اٹھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ حکومت پاکستان کی اس مؤثر منصوبہ بندی کے باعث ڈچ حکومت نے گستاخ رسول گیرٹ وائلڈرز پر دباؤ ڈالا اور پھر بالآخر گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا۔