فروغ تعلیم سے ہی غربت، جہالت،بے روزگاری، پسماندگی اور دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے‘پروین سرور

پاکستان کی نوجوان نسل قابلیت اور صلاحیت میں کسی سے پیچھے نہیں‘بیگم گورنر پنجاب کی مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے طلباء سے گفتگو

اتوار 9 ستمبر 2018 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2018ء) بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے کہا کہ فروغ تعلیم سے ہی غربت، جہالت،بے روزگاری، پسماندگی اور دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے، پاکستان کی نوجوان نسل قابلیت اور صلاحیت میں کسی سے پیچھے نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں بلوچستان (ڈسٹرکٹ لورالائی چمن لانگ) سے پی ڈی اے ایف کے تعاون سے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے طلباء و طالبات کے 15رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں اس کے صوبے کی تمام تر حسن و رعنائیوں کی طرح پھول کی مانند پیوستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پسماندہ صوبہ ہے اور پنجاب حکومت نے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء و طالبات کے لئے مخصوص کوٹہ مختص کیا گیاہے تاکہ وہ بھی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں کسی سے پیچھے نہ رہ سکیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ وہ جلد بلوچستان (ڈسٹرکٹ لورالائی چمن لانگ) کا دورہ بھی کریں گی۔ بیگم گورنر نے طلبا سے مخاطب ہوے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے معمار ہیں، تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کو بھی اپنا شعار بنائیں ، محنت اور لگن سے کامیابی کی منازل طے کرتے ہوئے ہر شعبہ کے سپہ سالار بنیں۔اس موقع پر طلباء نے گورنر ہائوس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا ۔ طلباء گورنر ہائوس کی تاریخی عمارات کے مختلف حصوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ بیگم گورنر نے طلباء میں پی ڈی اے ایف کی جانب سے سرٹفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔