محرم کا چاند نظر نہیں آیا، یوم عاشور21 ستمبر کو ہوگا، مفتی منیب الرحمن

پیر 10 ستمبر 2018 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2018ء) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کردیا کہ محرم کا چاند نہیں آیا اور یوم عاشور 21 ستمبر کو ہوگا۔مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جہاں ملک کے کسی بھی کونے سے چاند کی شہادت نہ ملنے پر یکم محرم 12 ستمبر کو ہونے کا اعلان کردیا گیا۔

مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ یوم عاشور 21 ستمبر بروز جمعے کو ہوگا اور یکم محرم الحرام بدھ 12 ستمبر کو ہوگا۔واضح رہے کہ حکومت سندھ نے ملک بھر سے 3 سو علما و ذاکرین کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اسی طرح محرم کے دوران شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق یہ پابندی پولیس حکام کی جانب سے بھیجی گئی سفارشات کو مدنظر رکھ کر عائد کی گئی ہیں۔

نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا تھا کہ پابندی کا اطلاق محرم الحرام کی مناسبت سے 2 ماہ (60) روز کے لیے ہوگا۔محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں امن عامہ کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے یکم تا 10 محرم کرمنل پراسیجر کوڈ کے تحت دفعہ 144 بھی نافذ رہے گی۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر 2 ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش، لاڈ اسپیکر کا غلط استعمال، پوسٹر لگانے، پمفلٹ تقسیم کرنے اور دیواروں پر چاکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔