Live Updates

وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے 6 وزرا اور وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا

علی محمد مہر، عمر ایوب اور علی حیدر زیدی نے وفاقی وزراءجبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کے عہدوں کا حلف اٹھایا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 ستمبر 2018 11:52

وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے 6 وزرا اور وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 ستمبر۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے 6 وزرا اور وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا. صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے 3 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت سے ان کے عہدوں کا حلف لیا. ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں کابینہ کے اراکین کے ہمراہ دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی.

وفاقی وزرا کے عہدے کا حلف اٹھانے والوں میں علی محمد مہر، عمر ایوب اور علی حیدر زیدی شامل ہیں جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کے عہدوں کا حلف اٹھایا.

(جاری ہے)

حلف اٹھانے والے وزرا اور وزرائے مملکت کے قلمدانوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا. خیال رہے کہ اس سے قبل ایک رپورٹ میں گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اراکین کی حلف برداری کی تقریب ملتوی ہونے کی وجہ سامنے آئی تھی.

حکومت میں موجود ذرائع نے بتایا تھا کہ پیر کی شام ہونے والی تقریب حلف برداری کو اس لیے موخر کیا گیا کیونکہ آخری لمحات میں سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت بننے سے انکار کردیا. ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جیکب آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت برائے نجکاری بنانے کی پیشکش کو مسترد کیا، جس کے باعث وزرا کی تقریب حلف برداری موخر کی گئی.

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت محمد میاں سومرو سے رابطے میں تھی اور انہیں منانے کی کوشش کر رہی تھی تاہم یہ واضح نہیں ہوا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان، محمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر بنانے پر راضی ہوئے یا کابینہ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا. خیال رہے کہ وزیر اعظم ہاﺅس کے سرکاری اعلان میں بتایا گیا تھا کہ 4 نئے اراکین محمد میاں سومرو، کراچی سے منتخب ایم این اے سید علی حیدر زیدی، سوات سے رکن قومی اسمبلی مراد سعید اور ہری پور سے ایم این اے عمر ایوب خان کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا. رکن اسمبلی عمر ایوب خان کو وزارت توانائی اور سید علی حیدر زیدی کو وزارت سمندری امور دیا جائے گا جبکہ مراد سعید کی وزارت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات