ایئر چیف کو ترکی کے ’لیجن آف میرٹ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

مجاہد انور خان اور کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچیکاکیاز کے درمیان ملاقات دونوں معزز شخصیات کا باہمی تعاون ‘دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیاگیا

جمعرات 13 ستمبر 2018 15:58

ایئر چیف کو ترکی کے ’لیجن آف میرٹ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا
اسلام آباد\انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2018ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کو پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ترک حکومت کی طرف سے اعلی ترین ملٹری ایوارڈ ’لیجن آف میرٹ ‘سے نوازا گیا۔جمعرات کو ترک دارالحکومت انقرہ میں فضائیہ ہیڈ کواٹرز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایئر چیف مجاہد انور خان کو ہیڈ کوارٹرز آمد کے موقع پر ترک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ائیر چیف مجاہد انور خان نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل حسن کیچیکاکیاز سے ملاقات کی، جس میں دونوں معزز شخصیات نے پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ملاقات کے دوران ائیر چیف نے اعلیٰ ایوارڈ دینے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں پر محیط قابل رشک تعلقات ہیں،جبکہ جنرل حسن کیچیکاکیاز نے دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو سراہا۔اس موقع پر دونوں معزز شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے درمیان بالخصوص باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔