صوبائی حکومت مواصلات کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے،وزیراعلیٰ محمودخان

پیر 17 ستمبر 2018 23:07

صوبائی حکومت مواصلات کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے،وزیراعلیٰ ..
صوابی۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے منگل کے روز کرنل شیر خان انٹر چینج صوابی کے مقام پر سوات ایکسپریس روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ( ایف ڈبلیو او) کے ڈائریکٹر جنرل انعام ملک نے وزیر اعلی کو 81کلو میٹر سوات ایکسپریس وے پر جاری کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے محمود خان نے کہا کہ کرنل شیر انٹر چینج سے چکدرہ تک سوات ایکسپریس وے کا فاصلہ 81کلو میٹر ہے ایکسپریس وے کی تعمیر کا پچاس فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اوراسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جب کہ باقی کام رواں سال کے دسمبر یا نئے سال کے آغاز پر جنوری کے مہینے تک مکمل کیا جائیگااور یوں سوات ایکسپریس وے کا منصوبہ مکمل ہو تے ہی چکدرہ تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائیگا انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں دو ٹنل شامل ہیں جس میں ایک کا افتتاح آرمی چیف نے کیا تھا جب کہ دوسرے ٹنل کا جو کام رہ گیا ہے اس کاآج معائنہ کرینگے اور اس پر بھی جلد کام شروع کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے کی طرح بی آر ٹی منصوبہ بھی تحریک انصاف کی حکومت کا منصوبہ ہے ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے کے مین کاریڈور کو ستمبر تک مکمل کیا جا سکے انہوں نے کہاکہ بی آر ٹی کا منصوبہ نیب کی جانب سے تحقیقات کی وجہ سے روک دیا تھا انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مواصلات کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے صوبہ بھر میں سفری سہولیات کو آسان بنانا اور اجناس کو منڈیوں تک با آسانی پہنچانے کے لئے سڑکوں کا جال بچھایا جائیگا انہوں نے کہا کہ چکدرہ سے چترال تک بھی سوات ایکسپریس وے کا دائرہ بڑھایا جائیگا اور اس منصوبے پر بھی پی ٹی آئی حکومت اپنی دور حکومت میں جلد کام شروع کرئے گی ۔