امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس

یہ نئے ٹیکس 24 ستمبر سے لاگو ہوں گے،اگلے برس یہ دس فیصد سے شروع ہو کر 25 فیصد تک پہنچ جائیں گے

منگل 18 ستمبر 2018 12:13

امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) امریکہ نے چینی اشیا پر 200 ارب ڈالر مالیت کے نئے محصولات نافذ کر دیے ہیں۔ یہ نئے ٹیکس 5000 سے زیادہ اشیا پر نافذ کیے گئے ہیں جو اب تک لگائے جانے والی سب سے بڑی محصولات ہیں۔اس میں ہینڈ بیگ، چاول اور ٹیکسٹائل جیسی مصنوعات شامل ہوں گی۔ امریکہ اس سے قبل چین سے درآمد کی جانے والی سینکڑوں اشیا پر پہلے ہی 50 ارب ڈالر کا محصول یا ٹیرف عائد کر چکا ہے۔

امریکی ٹی وی کے مطابق یہ نئے ٹیکس 24 ستمبر سے لاگو ہوں گے۔ اگلے برس یہ دس فیصد سے شروع ہو کر 25 فیصد تک پہنچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ چین کی ناانصافی پر مبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے۔ہم اس بارے میں بہت واضح رہے ہیں کہ تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ اور ہم نے چین اسے ٹھیک ہونے کے لیے ہر موقع دیا ہے۔ لیکن اب تک چین اپنے طریقہ کار کو بدلنے پر آمادہ نظر نہیں آتا۔صدر ٹرمپ نے یہ بھی تنبیہ کی کہ اگر چین نے اس پر مزاحمت کی تو امریکہ فوری طور پر فیز تھری پر عمل کرے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ 267 ارب ڈالر کی چینی اشیا پر مزید ٹیکس لگا دے گا۔اور اگر ایسا ہو گیا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ چین کی امریکہ کو جانے والی تمام تجارت پر نئی ڈیوٹی لگ جائے گی۔