Live Updates

اسحاق ڈار اور نواز شریف کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کو بُرے دن دیکھنے پڑرہے ہیں‘چوہدری پرویز الٰہی

حکمرانوں کی نیت اچھی ہو تو ملک ترقی کرتا ہے،وزیر اعظم عمران خان کی نیت اور سوچ اچھی ہیپوری قوم ساتھ دے‘ سپیکر پنجاب اسمبلی

بدھ 19 ستمبر 2018 16:19

اسحاق ڈار اور نواز شریف کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کو بُرے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کو بُرے دن دیکھنے پڑرہے ہیں، حکمرانوں کی نیت اچھی ہو تو ملک ترقی کرتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی نیت اور سوچ اچھی ہے،وہ جذبہ سے کام کر رہے ہیں،پوری قوم عمران خان کا ساتھ دے، عمران خان عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے،ملک میں امن و امان قائم کرنا اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے،میڈیا ملکی ترقی کا ضامن ہے،میڈیا صحیح سمت میں حکومت کی رہنمائی کرے،یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اخبارات نے ذمہ دارانہ صحافت کی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے اعزاز میںدیے گئے عشائیہ کے موقع پر کیا۔ عشائیہ کا اہتمام پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میںکیا گیا جس میںسی پی این ای کے صدر عارف نظامی، ضیاء شاہد، ایاز خان، رحمت علی رازی، ارشاد احمد عارف، ذوالفقار احمد راحت، علی احمد ڈھلوں، اویس رئوف اور سی پی این ای کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون اور ملکی ترقی کا ضامن ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا خصوصاً پرنٹ میڈیا انتہائی ذمہ دارانہ صحافت کر رہا ہے، جس میں اصلاح کا پہلو نمایاں ہے۔تحریک آزادی سے لے کر آج تک‘ تمام چیلنجز سے نمٹنے میں میڈیا خصوصاً اخبارات کا کلیدی کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اخبارات نے نہ صرف ارباب اختیار کو اصلاح کا راستہ دکھایا بلکہ لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا نے عوام اورحکومت کے درمیان پُل کا کردار بھی ادا کیا۔چوہدری پرویز الٰہی نے سی پی این ای کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ان تھک جدوجہد کا ثمر ہے کہ آج پاکستان کا میڈیا آزاد ہے۔ سی پی این ای اخبارات کے ایڈیٹرز کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس میں بلاشبہ ملک کے نامور اور سینئر صحافی شامل ہیں جنہوں نے ہر دور میں اپنی پیشہ ورانہ صحافت کے ذریعے بہترین خدمات انجام دی ہیں۔

چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے صحافی بہادر اور محب وطن ہیں۔ جنہوں نے دشمن کی اٹھنے والی ہر آواز کو دبایا اور اسے منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اخبارات نے ذمہ دارانہ صحافت کی۔ تقریب سے سی پی این ای کے صدر عارف نظامی اور سابقہ صدر ضیاء شاہد نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات