نوز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کی خوشی، خواجہ آصف کی زبان پھسل گئی

انصاف کا بول بالا ہوا ہے کی بجائے انصاف کا بالا بالا ہوا ہے بولتے رہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 ستمبر 2018 11:21

نوز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کی خوشی، خواجہ آصف کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2018ء) :اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا۔ جس کے بعد تینوں قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کی خبر سُن کر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، اسی خوشی کے ماحول میں خواجہ آصف اپنی زبان پر قابو نہیں رکھ سکے اور ان کی زبان پھسل گئی۔

نواز شریف ، مریم نواز اور صفدر کی سزا معطلی کا حکم سنتے ہی سابق وزیر دفاع خواجہ آ صف نے میڈیا سے گفتگو کی۔ خواجہ آصف نے فرط جذبات میں کہا کہ آج حق و صداقت کی فتح ہوئی ہے ،وہ انصاف کا ''بول بولا'' کی بجائے انصاف کا ''بالا بالا ہوا'' ہے ، کہتے رہے جس سے وہاں پر موجود پارٹی کارکنوں نے مذاق مذاق میں بالا بالا کہنا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہےکہ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نیب عدالت نے سزا دی تھی جس کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلے میں نوازشریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا جب کہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر پرکوئی جُرمانہ عائد نہیں کیا۔ تینوں مجرموں نے سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کیں، جن کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج تینوں مجرموں کی سزا معطل کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

جبکہ تینوں قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔ جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو رہا کر دیا گیا ۔اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے جیل سے باہر آنے پر گُل پاشی کی اور نعرے بازی بھی کی۔