آئی جی خیبرپختونخواکامحرم کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے امام بارگاہ پشاور صدر کا دورہ

اصل خطرہ دہشت گردی کا ہے ،کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کو صوبہ بھرمیں الرٹ کر دیا گیا محرم کے حوالے سے خیبر پختونخوا ملک کا سب سے زیادہ حساس صوبہ ہے ، پولیس کو جلوسوں کی گزرگاہوں ، ٹائمنگ اور دہشت گردی کے چیلنجوں کا سامناہے،آئی جی خیبرپختونخوا

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:41

آئی جی خیبرپختونخواکامحرم کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے محرم کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے امام بارگاہ واقع پشاور صدر کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے الیکٹرانک آلات کے ذریعے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔ اوراہل تشیع اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے ملاقات کرکے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے دوران آئی جی پی امام بارگاہ کے مختلف حصوں میں گئے اور پولیس کی جانب سے محرم کے حوالے سے کئے گئے حفاظتی انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ سی سی پی او پشاور قاضی جمیل الرحمان اور ایس یس پی آپریشن پشاور جاوید اقبال نے آئی جی پی کو سیکورٹی انتظامات اور ماتمی جلوسوں کی براہ راست الیکٹرانک مانیٹرنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے محرم جلوسوں کے لئے جدید کمپیوٹرائزڈ سیکورٹی اقدامات پر ا طمینان کا اظہارکیااوراس موقع پر موجود پولیس حکام کو کچھ اہم ضروری ہدایات بھی جاری کیئں۔

آئی جی پی نے اہل تشیع کے وفد سے ملاقات بھی کی۔ اور پولیس کی جانب سے محرم کی سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اور پولیس کی جانب سے پُر امن محرم کے لئے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور محرم کو پر امن طریقے سے منانے کے لئے اپنی ہر ممکن تعاون کایقین بھی دلایا۔ آئی جی پی وہاں پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے آرمی آفیسرز اور دوسرے محکموں کے اہلکاروں سے بھی ملے اور محرم کو پر امن طریقے سے منانے کے لئے اُن کی کاوشوں کی تعریف کی۔

آئی جی پی نے تمام ماتمی جلوسوں کے گزرگاہوں کو جلوس شروع ہونے سے پہلے بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتوں کے زریعے چیک کرانے کی بھی ہدایت کی۔میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ محرم کے حوالے سے خیبر پختونخوا ملک کا سب سے زیادہ حساس صوبہ ہے آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کو جلوسوں کے گزرگاہوں ، اُن کی ٹائیمنگ اور دہشت گردی کے چیلنجوں کا سامناہے ۔

تاہم پولیس اور متعلقہ انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے جلوسوں کے روٹس اور ٹائیمنگ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ آئی جی پی نے کہا کہ اصل خطرہ دہشت گردی کا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کو صوبہ بھرمیں الرٹ کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ محرم کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اور تمام ماتمی جلوسوں کی براہ راست الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جائیگی۔

اور کیمرہ کی آنکھ سے کوئی بھی بچ نہیں سکے گا۔ اسی طرح پولیس کی نئی گاڑیوں میں متحرک کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ جو تمام جلوسوں کے گزرگاہوں کو موثر طریقے سے مانیٹر کرے گی۔ اسی طرح اہل تشیع کے علماء کرام اور امن کمیٹیوں کے ارکان نے محرم کو پُرامن طور پر منانے کے لئے اپنی ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام ماتمی جلوسوں کے گزرگاہوں پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیاہے۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شرپسندوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیا جائے گا۔ چیف کیپیٹل سٹی پولیس پشاور قاضی جمیل الرحمن اورایس ایس پی آپریشنز پشاور جاوید اقبال بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :