شہدائے کربلا کی یاد میں 9محرم الحرام کو حیدرآباد اور ملحقہ علاقوں سے ذوالجناح ، تعزیوں، سیج اور علم پاک کے ڈیڑھ سو ماتمی جلوس بر آمد

جمعرات 20 ستمبر 2018 23:12

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) شہدائے کربلا وحضرت امام حسین ؓکی یاد میں 9محرم الحرام کو بھی حیدرآباد شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں سے ذوالجناح ، تعزیوں، جھولوں،دٴْلدلوں،سیج اور علم پاک کے ڈیڑھ سوسے زائد ماتمی جلوس بر آمد ہوئے جبکہ ٹنڈو جہانیاں ، نسیم نگر میں عزاداران کی جانب سے رات گئے آگ پر ماتم کرتے ہوئے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی گئی ،8 محرم الحرام کی رات دیر سے حیدرآباد کی قدیم بستی ٹنڈو جہانیاں میں انجمن سفینہ اہلبیت کے زیر اہتمام اور قاسم آباد کے علاقے نسیم نگر میں واقع سید راشد شاہ کے پڑ میں سینکڑوں عزاداران نے شہدائے کربلا سے عقیدت کا اظہار کر تے ہوئے ننگے پاؤں چل کر آگ پر ماتم کیا ،اس سلسلے میں21فٹ لمبی ، 2فٹ چوڑی اور تقریبا ڈیڑ فٹ گہری خندق بنائی گئی تھی جس میں سو من سے زائد لکڑیاں جلاکر دھکتے ہوئے انگارے بنائے گئے تھے اور اس خندق کا طواف کر تے ہوئے سینکڑوں عزاداران نے یاحسین ؓ ،یاحسین ؓکی صدائیں بلند کر تے ہوئے ماتم شروع کر دیا اور ایک دوسرے کے پیچھے خندق سے گذرتے ہوئے ماتم کر تے رہے جبکہ آگ پر ماتم کی تاریخ کے حوالے سے عزاداران کا کہنا تھا کہ آگ پر ماتم کی تاریخ کئی سو سال پرانی ہے جب برما کے بادشاہ کی جانب سے عزاداری پر پابندی لگاتے ہوئے ماتمی جلوسوں کے راستوں پر دھکتے انگارے پھینک دئیے تھے اور لیکن عزاداروں نے آگ کی پرواہ کئے بغیر انگاروں سے گذر کر ماتم کیا جس کے بعد آگ پر ماتم کی شروعات ہوئی جو کہ آج تک جاری ہے، آگ پر ماتم کے دوران اطراف میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور واک تھرو گیٹ بھی نصب کیا گیا تھا جبکہ رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری کو بھی تعینات تھی اسی طرح 9محرم الحرام کوحیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں الہدادچند گوٹھ،لجپت روڈ،کھائی روڈ،ٹنڈو ولی محمد ،ٹنڈو ٹھورو،ٹنڈو آغا،انڑمیرانی گوٹھ حالی روڈ،بھٹی گوٹھ ریلوے پھاٹک ،درگاہ چھٹن شاہ بخاری،ٹنڈو میر غلام حسین لطیف آباد،حسین آباد،بلدیہ کالونی ،ٹنڈو میر نور محمد لطیف آبادیونٹ نمبر 4اور دیگر علاقوں سے ذوالجناح،تعزیوں،علم پاک،سیج جھولوں اور دلدلوں کے سو سے زائد ماتمی پڑ اور جلوس بر آمد ہوئے جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہو تے ہوئے واپس اپنے اپنے مقامات پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے ،اسی طرح درگاہ سخی پیر کے سامنے بھی سینکڑوں عزاداروں کی جانب سے زنجیر زنی کی گئی جبکہ حیدرآباد اور اس کے مضافات میں 8اور9محرم الحرام کو موبائل فون سروس صبح سات بجے سے رات12بجے تک مکمل طور پربند رکھی گئی تھی۔