کراچی پولیس چیف کا اہلکاروں کودیا گیا اسلحہ بدلنے کا حکم

عام پبلک میں خود کار ہتھیار کی نہ ہی نمائش کی جائے اور نہ ہی کسی پر اسلحہ تانا جائے، حکم نامہ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:36

کراچی پولیس چیف کا اہلکاروں کودیا گیا اسلحہ بدلنے کا حکم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیر شیخ نے کراچی پولیس کے خود کار ہتھیار(ایس ایم جی)تبدیل کرنے کا حکم دے دیاہے۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کی حفاظت پرمامور پولیس اہلکاروں کا اسلحہ خود شہریوں کے لیے خطرہ بننے لگا ہے، پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کی زد میں آکر شہری ہلاک ہونے لگے ہیں جبکہ 13 اگست کی شب ڈیفنس میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے معصوم بچی بھی جاں بحق ہوگئی جس کے بعد پولیس کو فراہم کیے گئے اسلحے کی تبدیلی پرزوردیا جارہا تھا، اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ نے حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کے تحت پولیس کے خود کار ہتھیارتبدیل کردیئے جائیں گے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ اتفاقیہ گولی چلنے سے کئی جانی نقصانات ہوئے ہیں، خود کاراسلحہ نہ صرف شہریوں میں خوف و ہراس کا باعث بن رہا ہے بلکہ اس سے شہریوں کی نظرمیں پولیس کا بھی منفی تاثرقائم ہورہا ہے لہذا پٹرولنگ اوراسکواڈ ڈیوٹی پرتعینات اہلکارخود کار اسلحے کی نمائش نہ کریں اورجلد ازجلد ان اہلکاروں کا اسلحہ تبدیل کیا جائے جبکہ مددگارون فائیواور موٹر سائیکل اسکواڈ کا اسلحہ بھی فوری تبدیل کیا جائے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ حکم نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل اسکواڈ کو سب مشین گن کی جگہ پستول یا ریوالور دیا جائے، اسکواڈ ڈیوٹی پراہلکاروں کو بھی ایک پستول اورصرف ایک خودکاراسلحہ یا سب مشین گن دی جائے، اس کے ساتھ ساتھ پولیس پٹرولنگ پر مامور اہلکاروں کو بھی ایک خود کار اسلحہ اور ایک پستول فراہم کیا جائے ، پولیس پٹرولنگ اورپکٹس پوائنٹس پربھی پولیس اہلکاروں کو ایک پستول یا ریوالورکے ساتھ صرف ایک خود کاراسلحہ دیا جائے ، مددگار ون فائیو کے لیے بھی یہی حکم صادر کیا گیا ہی. حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے عام پبلک میں خود کارہتھیار کی نہ ہی نمائش کی جائے اور نہ ہی کسی پراسلحہ تانا جائے، اس کے ساتھ ساتھ اس حکم نامے پر جلد ازجلد اورسختی سے عملدرآمد کیا جائے۔