پی ایس ڈی پی میں 225 ارب کی کٹوتی کے اثرات سے بلوچستان کو مستثنیٰ قرار دیا جائے‘ اسلم بھوتانی

منگل 25 ستمبر 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایس ڈی پی میں 225 ارب کی کٹوتی کے اثرات سے بلوچستان کو مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ منگل کو ضمنی مالیاتی بل 2018ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ضرورت کے تحت نظرثانی شدہ بجٹ پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترقیاتی بجٹ پر لگائی جانے والی 225 ارب کی کٹوتی سے بلوچستان کو مستثنیٰ قرار دیا جائے، منصوبہ بندی کمیشن گوادر کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی ترقی کے لئے فنڈز کے اجراء کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ حب اور لسبیلہ میں اہم صنعتیں ہیں جن کے صدر دفاتر کراچی میں ہیں اس لئے اکٹھا ہونے والا ریونیو سندھ کو چلا جاتا ہے۔ اس ریونیو کو بلوچستان کے حصہ میں جانا چاہیے۔ گوادر ماسٹر پلان پر بھی کوئی کٹوتی نہ کی جائے۔