سانحہ صفورا میں ملوث خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا

ملزم کا تعلق القاعدہ سے ہے اور وہ حیدرآباد کا رہائشی ہے.پولیس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 25 ستمبر 2018 18:07

سانحہ صفورا میں ملوث خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا
دادو (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 ستمبر۔2018ء) سانحہ صفورا میں ملوث خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے ملزم سے تفتیش جاری ہے، اہم انکشافات متوقع ہیں. تفصیلات کے مطابق دادو پولیس نے بلوچستان سے ملحقہ پہاڑی علاقے سے سانحہ صفورا میں ملوث خطرناک ملزم کو گرفتار کرلیا، ملوث دہشت گرد کا تعلق القاعدہ سے ہے، جو حیدرآباد کا رہائشی ہے.

ایس ایس پی تنویر حسین تونیو نے کہا کہ گرفتار ملزم نوید کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے جبکہ ملزم دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں بھی مطلوب تھا اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں 6 مقدمات درج ہیں. ملزم سے تفتیش جاری ہے اہم انکشافات متوقع ہیں.

(جاری ہے)

ایس ایس پی دادو کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کو افغانستان سے واپسی پر گزشتہ رات گرفتار کیا گیا، ملزم سے تفتیش جاری ہے اہم انکشافات متوقع ہیں.

واضح رہے کہ2015 مئی میں کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر حملہ کیا گیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 74 افراد جاں بحق ہوگئے تھے. واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے کے والوں اداروں نے کاروائی کرتے ہوئے صفورا بس حملہ میں ملوث طاہر حسین منہاس عرف سائیں، سعد عزیز عرف ٹن ٹن، اسد الرحمٰن عرف مالک، حافظ ناصر عرف یاسر اور محمد اظہر عشرت عرف ماجد کو گرفتار کیا تھا.

یاد رہے کہ 13 مئی 2015 کو کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں دہشت گردوں نے ایک بس کو ہدف بنایا، جس میں اسماعیلی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے. دہشت گردوں کے حملے میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، بعدازاں انکشاف ہوا کہ حملے میں ملوث تعلیم یافتہ دہشت گرد ملوث ہیں اور دہشت گردوں کے گروہ میں مختلف یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبہ بھی شامل ہیں.