ابو ظہبی: اب اہم روڈز پر گاڑیوں کی ریپرنگ مفت میں ہو گی

ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ سہولت 24 گھنٹے مہیا کی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 ستمبر 2018 14:42

ابو ظہبی: اب اہم روڈز پر گاڑیوں کی ریپرنگ مفت میں ہو گی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 ستمبر 2018ء) اگرآپ کی گاڑی کو سڑک پر کوئی چھوٹا موٹا حادثہ پیش آ رہا ہے یا گاڑی میں کوئی مسئلہ پیدا ہو گیا ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا عملہ چند منٹوں میں آ کر آپ کی گاڑی کو لاحق مسئلہ دُور کر دے گا اور بدلے میں آپ کو جیب بھی ہلکی نہیں کرنی پڑے گی۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آفیشل انسٹا گرام پر ایک اہم پیغام دیا گیا ہے جس کے مطابق ابو ظہبی کے اہم روڈز پر کار سواروں کو خصوصی سہولت دی جا رہی ہے۔

انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈرائیور حضرات کو اُن کی گاڑیوں میں موجود چھوٹے موٹے نقص دُور کرنے کے لیے بلامعاوضہ سروس دی جا رہی ہے۔ گاڑی کو پیش آنے والی کسی تکنیکی یا مشینی خرابی کی دُوری کے لیے ڈیپارٹمنٹ کا عملہ 24 گھنٹے امداد کے لیے موجود ہو گا۔

(جاری ہے)

اس سروس کے حصول کے لیے 800 888 88 یا 999پر کال کرنا ہو گی۔پوسٹ کے مطابق یہ نئی سروس ابو ظہبی میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور انفراسٹرکچر میں توسیع کے وسیع تر پلان کا حصّہ ہے۔

اس فری سروس میں امدادی عملے کوTowing Cars بھی فراہم کی گئی ہیں جن کی مدد سے خراب شُدہ گاڑی کو سڑک سے ہٹا کر کسی محفوظ مقام پر منتقل کر دیا جائے گا تاکہ دُوسرے ڈرائیورز کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے اور ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا نہ ہو۔ ان پٹرولنگ گاڑیوں میں خراب ہونے والی گاڑیوں میں موجود معمولی نقص دُور کرنے، پنکچر ٹائرز کی تبدیلی، خراب بیٹری کی نشاندہی کرنے، جمپ سٹارٹنگ، پٹرول کی فراہمی اور گرم ہو گئی گاڑیوں کو ٹھنڈا کرنے والا مادہ جیسی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔

اس کے علاوہ متاثرہ گاڑی کو قریبی پولیس اسٹیشن پر بھی پہنچانے کی سہولت دی گئی ہے۔ پھر سب سے بڑھ کر یہ کہ پٹرولنگ عملہ ٹریفک حادثے کے زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد بھی مہیا کر سکے گا۔ابو ظہبی کے رہائشیوں نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس عوام دوست سروس کو متعارف کروانے کو بہت زیادہ سراہا ہے۔