پاکستان کی انڈسٹری کو بر آمدات میں اضافہ کے لئے نئے وژن اور آئیڈیاز کی اشد ضرورت ہے،ڈاکٹرشجاعت مبارک

بدھ 26 ستمبر 2018 16:12

پاکستان کی انڈسٹری کو بر آمدات میں اضافہ کے لئے نئے وژن اور آئیڈیاز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) پاکستان کی انڈسٹری کو اس وقت نئے وژن اور نئے آئیڈیاز کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کرکے ملک کی معیشت کو بہتر خطوط پر استوار کیا جاسکے،یونیورسٹیوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ انڈسٹری اور درسگاہوں کے درمیان پائے جانے والے فاصلوں کو کم کریں اور انڈسٹری کو ایسے طلبہ فراہم کئے جائیں جن کے پاس ڈگری کے ساتھ کوئی پروجیکٹ ہو یا وہ کسی انڈسٹری میں شامل ہو کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں،یونیورسٹیوں کو اپنے ہاں ہر سال کسی ایک مخصوص انڈسٹری پر ایک جامع کانفرنس کا انعقاد کر چاہیے تاکہ طلبہ کو اس انڈسٹری کی کارکردگی سے متعلق زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل ہوں اور وہ اس انڈسٹری میں ملازمت ملنے کے بعد وہاں کوئی نیا کام کرسکیں۔

(جاری ہے)

یہ سفارشات محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی(ماجو) کی بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ سوشل سائینسز کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر شجاعت مبارک کی زیر صدارت بورڈ آف انڈسٹریز کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے موقع منظور کی گئیں۔ اجلاس میں ماجو کے سینئر فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر منیر حسین، ڈاکٹر ایس ایم نعمان شاہ،حسن جاوید اور علی ناصر کے علاوہ ایکسٹرنل ممبران ندیم مولوی، اویس آفریدی اور فرحان پرویز نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شجاعت مبارک نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے موجودہ ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے لئے نئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے پرانی ڈگر سے ہٹ کر اب نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا بد قسمتی سے کہ ہمارے صنعتکار گزشتہ پچاس برس سے چند مخصوص اشیاء بشمول کاٹن اور اس کی فنشنگ گڈز کی برآمدات میں مصروف ہیں اور نئی مصنوعات کی برآمدات پر قطعی توجہ نہیں دے رہے ہیں جو کہ اب بے حد ضروری ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے صنعتی سیکٹر کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ انڈسٹری اور یونیورسٹیوں کے درمیان مسلسل رابطہ قائم رکھاجائے تاکہ ہمارے طلبہ کو یہ پتہ چلے کہ ہمارے صنعتی شعبہ میں کیا کام ہو رہا ہے اور ان کے کن مسائل پر تحقیق کام کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ کو کتاب کے علم سے باہر نکل کر انڈسٹری کے بارے عملی طور پر آگاہی حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ جب وہ کسی انڈسٹری میں ملازمت حاصل کریں تو انھیں زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈاکٹر شجاعت مبارک نے کہا کہ ماجو میں جدت پسندی کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہماری فیکلٹی میں انڈسٹری کا تجربہ رکھنے والے اساتذہ ایک بڑی تعداد میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیمینارز،ورکشاپس اور دیگر پروگراموں میں صنعت کاروں کو مدعو کیا جاتا ہے تاکہ ہمارے طلبہ نہ صرف ان کے تجربہ سے فائیدہ اٹھا سکیں بلکہ انڈسٹری اور یونیورسٹی کے درمیان موثر رابطہ قائم رہے۔

ماجو کے بورڈ آف انڈسٹری کے اجلاس کے دوران موجودہ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ ڈگری پروگراموں پر انڈسٹری کے رحجانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا جائیزہ لینے، انڈسٹری اور جامعات کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے،نئے متعارف کرائے جانے والے کورسسز میں انٹر پرسنل کمیونیکیشن کے مضمون کا اضافہ اور انڈر گریجویٹ ڈگری پروگرام کی سطح پر کاروبار اور اسٹریٹیجک مینجمنٹ کے معاملات کوکیس بیس کی بنیاد پر شامل کرنے کی سفارش کے امور پر بھی غور و خوص کیا گیا۔