آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں میں قابل تعریف خدمات فراہم کر رہا ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آغا خان کونسل فار پاکستان کے صدر سے ملاقات میں اظہار حافظ شیرالی نے پرنس کریم آغا خان کا خط صدر مملکت کو پیش کیا

جمعرات 27 ستمبر 2018 17:34

آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعلیم، صحت اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں میں قابل تعریف خدمات فراہم کر رہا ہے، پرنس کریم آغا خان کے عالمی امن، بین المذاہب بات چیت، ثقافتی تنوع اور تکثریت کیلئے بصیرت اور انتھک کوششوں نے دنیا بھر میں اقتصادی لحاظ سے پیچھے رہ جانے والی کمیونٹیز کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر، آغا خان کونسل فار پاکستان حافظ شیرالی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صدر کو پرنس کریم آغا خان کا خط پیش کرنے کیلئے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ پرنس کریم آغا خان نے صدر مملکت کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور پاکستان کے مابین تعاون اور اشتراک کار پر بھی روشنی ڈالی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں میں قابل تعریف خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے آغا خان فائونڈیشن کی طرف سے 2005ء کے زلزلہ کے دوران فراہم کی گئی خدمات کو سراہا۔ صدر نے آغا خان کے دادا سر سلطان شاہ آغا خان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے قریبی ساتھی تھے اور انہوں نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔ حافظ شیرالی صدر مملکت کو پاکستان میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔