سعودی عرب چین کے لئے خام تیل کی سپلائی میں بھی مدد فراہم کر سکتا ہے ،ْچینی اخبار

جمعہ 28 ستمبر 2018 23:03

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2018ء) چینی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب چین کے لئے خام تیل کی سپلائی میں بھی مدد فراہم کر سکتا ہے۔چینی اخبار چائنہ ڈیلی میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں سعودی عرب کی شمولیت پا کستان کی ایک بڑ ی سفا رتی کا میا بی ہے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ سعودی عرب نے سی پیک میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ سعودی عرب اپنی معیشت کو وژن2030کے مطابق بہتر بنانے کیلئے چین کی معیشت کے ساتھ چلنا چاہتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ سعودی عرب چین کے لئے خام تیل کی سپلائی میں بھی مدد فراہم کر سکتا ہے، چین دنیا میں تیل استعمال کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے،پاکستان اور سعودی عرب بھی دونوں مشترکہ طور پر سی پیک سے فوائد حاصل کر سکتے ہیں لہٰذا یہ بیلٹ اینڈ روڈ کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور چینی ویب سائٹ کی جانب جاری رپورٹ میں کہاگیا کہ پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان فیصل رشید نے سی پیک کے بارے میں مستند معلومات کی فراہمی کیلئے پارلیمانی گروپ تشکیل دیا جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہا ہے، برطانوی سیاستدانوں کی جانب سے پارلیمانی گروپ کا خیر مقدم کیا گیا ہے،اس سے قبل بھی ایک برطانوی رکن پارلیمان کی جانب سے سی پیک کے حوالے سے مثبت بیانات کا اظہار کیا گیا جس سے یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ سی پیک میں سرمایہ کاری ایک بہترین موقع ہے،برطانوی سیاستدانوں کو یہ بتایا جا رہا ہے کہ برطانیہ چین اور پاکستان کے ہمراہ سی پیک میں ایک بہترین شراکت دار بن سکتا ہے،برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانوی سرمایہ دار نئی مارکیٹیں تلاش کر رہے ہیں،لہٰذا یہ بہترین موقع ہے کہ سی پیک کے بارے میں برطانوی سیاستدانوں کو بروقت مستند معلومات فراہم کی جائیں۔