متاثرین کے نقصان کا جلد ازالہ اور متاثرہ سڑک بھی جلد تعمیر کی جائے گی‘ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا دورہ بدصوات، سیلاب کی تباہ کاری سے متاثر لوگوں میں ریلیف کے سامان کی تقسیم اور علاقے کی بحالی کے کام کا آغاز کیا

اتوار 30 ستمبر 2018 12:30

غذر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2018ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا دورہ بدصوات، سیلاب کی تباہ کاری سے متاثر لوگوں میں ریلیف کے سامان کی تقسیم اور علاقے کی بحالی کے کام کا آغاز کیا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڑنے سیلاب کی تباہ کاری سے متاثر ضلع غذر کے دور افتادہ علاقے بدصوات کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے متاثرہ خاندانوں میں راشن اور دیگر ریلیف کا سامان تقسیم کیا۔

متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ متاثرین کے نقصان کا جلد ازالہ کیا جائے گا اور اس ضمن میں متاثرین کو ان کے تباہ شدہ گھروں اور دیگر ضروری گھریلو سامان کا معاوضہ ترجیحی بنیادوں پر ادا کیا جائے گا۔ سیلاب سے متاثرہ سڑک بھی جلد تعمیر کی جائے گی تاکہ مقامی آبادی کا آمدورفت کا مسئلہ بھی حل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

نیز بدصوات کا گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں کے ساتھ مواصلاتی رابطہ استوار کرنے کے لیے ایس کام کا ٹاور بھی نصب کیا جائے گا۔

وادی کرومبر بالا کو گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے گودام تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس بابت تمام متعلقہ محکموں کو پہلے سے ہی ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ مفاد عامہ میں جلد سے جلد ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔اس کے ساتھ ساتھ جناب چیف سیکرٹری نے ایفاد کے افسران کو ہدایت جاری کیں کہ کھیت سے مارکیٹ تک سبزیوں کی بروقت رسائی کے لیے ذرائع آمدورفت، جس میں سڑکوں کا نیٹ ورک شامل ہے، کو بہتر بنایا جائے، تاکہ نہ صرف مقامی سبزی منڈی تک سبزیوں کی بروقت رسائی ممکن ہوسکے بلکہ اسے دیگر علاقوں تک بھی بروقت پہنچایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :