نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی تصویر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں کر دی گئی

ملالہ یوسفزئی کے والد نے ٹویٹر پیغام پر ایک نظم کے ساتھ تصویر شئیر کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 2 اکتوبر 2018 13:27

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی تصویر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری ..
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اکتوبر 2018ء) : نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کی تصویر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں کر دی گئی۔ ملالہ یوسف زئی کی تصویر کے ساتھ معروف پشتو شاعر رحمت شاہ کی نظم بھی لگائی گئی ہے۔ جس میں ہمت و جرأت کا مظاہرہ کرنے پر ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں ملالہ کی تصویر اور نظم شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ ہم شیرین نشاط نے ملالہ یوسفزئی کا پوٹریٹ بنایا جسے لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شیرین نشاط کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک زبردست فن پارہ بنایا ہے جو ہمت، حوصلے اور عزم کی عکاسی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اس وقت لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ ساتھ ہی وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز قائم کیا گیا تاکہ تعلیم حاصل کرنے والے بچیوں کی مدد کی جا سکے۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی کا تعلق سوات سے ہے جنہیں 2009ء میں 12 برس کی عمر میں اسکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا۔ دہشتگردوں کی شدت پسندی کا نشانہ بننے کے بعد ملالہ یوسفزئی کو علاج کے لیے لندن لے جایا گیا جس کے بعد ملالہ یوسفزئی اہل خانہ کے ہمراہ لندن میں ہی مقیم ہیں۔ ملالہ یوسفزئی نے رواں برس مارچ میں 5 سال کے بعد پاکستان کا چار روزہ دورہ کیا تھا۔نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی 5 سال کے بعد پاکستان آنے پر آبدیدہ ہو گئیں، وزیر اعظم ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ میں 5 سال کے بعد پاکستان آ کر بے حد خوش ہوں۔