کوہلی کے بغیر بھی بھارتی ٹیم نے ایشیاءکپ میں بہترین کارکردگی دکھائی:وقار یونس

روہت شرما نے کوہلی کی غیرموجودگی میں جس طرح قیادت کی وہ قابل تعریف ہے:سابق پاکستانی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 اکتوبر 2018 16:59

کوہلی کے بغیر بھی بھارتی ٹیم نے ایشیاءکپ میں بہترین کارکردگی دکھائی:وقار ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر 2018ء) سابق پاکستانی فاسٹ باﺅلر اور کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ روہت شرما نے ایشیا کپ کے دوران ویرات کوہلی کی غیرموجودگی میں جس طرح ٹیم کی قیادت کی وہ قابل تعریف ہے۔ایک خلیجی اخبار کو دیئے گئے انٹرویوں میں وقار یونس کا کہنا ہے کہ ”دیکھیں ویرات کوہلی ،ویرات کوہلی ہے، آپ اسے چیلنج نہیں کرسکتے،لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کوہلی کے بغیر بھی بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے“۔

وقاریونس کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نمبر تھری پر عمدہ بیٹنگ کرتے ہیں لیکن ٹورنامنٹ میں روہت شرما نے ویرات کوہلی کے بغیر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ بہت تحمل مزاج ہے ، ہرگزرتے دن اس کی کپتانی میں نکھار آرہا ہے، میں نے آئی پی ایل میں بھی روہت شرما کی کپتانی دیکھی ہے،وہ لوگوں کو اپنے فیصلے خود کرنے کا موقع دیتاہے۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے بھارتی اوپنر کی بھی تعریف کی اور کہا ہے کہ بھارتی ٹیم بہت پروفیشنل ہے، اس کے پاس ورلڈ کلاس اوپنرز ہیں اور حریف ٹیم کے لئے بہت مشکل ہوجاتا ہے جب روہت شرما اور شیکھر دھون اننگز کا آغاز کریں اور ہر مرتبہ آپ کو اچھی شراکت داری دیں۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیاءکپ میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں ہانگ کانگ کے خلاف پہلے میچ میں اسے مزاحمت کا سامناکرنا پڑا تاہم پاکستان کے خلاف گروپ میچ میں بلو شرٹس نے9وکٹوں سے با آسانی کامیابی حاصل کرلی۔ایشیا ءکپ کے گروپ فورمیں بھارت نے بنگلہ دیش کو آسانی سے شکست دے دی جس کے بعد روہت الیون نے پاکستان کو بھی 9وکٹوں سے شکست دی ، آخری میچ میں بھارت کو افغانستان نے حیران کن سر پرائز دیتے ہوئے مقابلہ ٹائی کردیا ۔ فائنل میں بنگلہ دیش نے بھی بھارت کے ساتھ سخت مقابلہ کیا تاہم آخری اوور کی آخری گیند پر بھارت نے مقابلہ جیت لیا۔