وزیر خارجہ نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے مذاکرات کیے جانے کی تصدیق کردی

دورہ امریکا کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ایشو پر بھی بات کی گئی ہے: شاہ محمود قریشی

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 اکتوبر 2018 21:27

وزیر خارجہ نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے مذاکرات ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر2018ء) وزیر خارجہ نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے مذاکرات کیے جانے کی تصدیق کردی، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دورہ امریکا کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ایشو پر بھی بات کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا میں موجود وزیر خارجہ شاہ محود قریشی نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے مذاکرات کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محود قریشی کا کہنا ہے کہ دورہ امریکا کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ایشو پر بھی بات کی گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کو مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے باہمی اعتماد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ امریکا کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کے حکام سے پاک امریکا دوطرفہ رابطوں کے فروغ کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے ماضی کے تاریخی تعاون کی بنیاد پر باہمی اعتماد میں اضافہ کریں تاکہ جنگ سے متاثرہ افغانستان میں امن و استحکام سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

یونائیٹڈ سٹیٹس انسٹیٹیوٹ آف پیس واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں تبدیلی کی مثبت توقعات کے ساتھ واپس جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے مقاصد کو انفرادی طور پر حاصل نہیں کرسکتے بلکہ میرے نقطہ نظر میں ہمیں مشتترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سے اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی تاریخ بڑی وسیع ہے اور ان کو تاریخی روابط کی اہمیت کے پیش نظر وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہو گا اور تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ سرد جنگ، سوویت یونین کے افغانستان سے انخلاء اور القاعدہ کے خاتمہ کے لئے جب بھی دونوں ممالک نے مل کر کام کیا تو اس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ باہمی تعلقات میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں اور پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے گزشتہ دو سال مشکل تھے لیکن قیام امن، تعمیرنو اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے دونوں ممالک اپنے تعلقات میں مزید بہتری لا رہے ہیں۔