متحدہ عرب امارات میں کار چور گروہ سرگرم ہو گئے

دُبئی پولیس نے ڈرائیور حضرات کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 اکتوبر 2018 13:47

متحدہ عرب امارات میں کار چور گروہ سرگرم ہو گئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 اکتوبر2018ء) دُبئی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کار چوروں سے محتاط رہیں۔ اپنی گاڑی کا انجن سٹارٹ کر کے اُس سے ایک دو منٹ کے لیے بھی دُور جانا نقصان کا باعث بنا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق دُبئی کے انڈسٹریل ایریا میں گزشتہ کچھ عرصے سے کار چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

اس لیے دُبئی کے رہائشی خاص طور پر محتاط رویہ اختیار کریں۔ چند روز قبل دُبئی پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیا تھا جو گاڑیوں میں سے بیٹریاں نکال کر لے جاتے تھے ۔ انہوں نے جبلِ علی اور القُصیص کے صنعتی علاقوں اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنا رکھا تھا۔ دُبئی پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیر محمد راشد بن صاری المُہیری کا کہنا ہے کہ پولیس کو گزشتہ ماہ ایک ہی روز میں مختلف مقامات سے گاڑیوں میں سے بیٹریاں چوری ہو جانے کی چار شکایات موصول ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

یہ تمام وارداتیں دِن کے مختلف اوقات میں کی گئیں۔ جس پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی اور جلد ہی ایک ایشیائی مُلک سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان افراد نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا کہ وہ مختلف مقامات پر کھڑی گاڑیوں میں سے بیٹریاں اور دیگر قیمتی سامان چُرا کر ایک آٹو ورکشاپ پر نصف داموں پر بیچ دیتے تھے۔ بریگیڈیر راشد الُمہیری نے ڈرائیور حضرات کو تاکید کی کہ اُنہیں چاہے ایک دو منٹ کے لیے ہی گاڑی سے نکل کر کسی دُوسری جگہ پر جانا ہو تب بھی گاڑی کا انجن چالو حالت میں نہ رکھیں۔

گاڑی کے دروازے ہمیشہ اچھی طرح لاک کر لیں۔ رات کے وقت اپنی گاڑیاں تاریک مقامات پر پارک نہ کریں۔ گاڑیوں کو زیادہ وقت کے لیے دُور دراز یا صحرائی مقامات پر پارک کرنا نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ کبھی اپنی گاڑی میں قیمتی سامان نہ رکھیں۔ ہمیشہ اپنی گاڑیاں ایسے محفوظ اور روشنی والے مقامات پر پارک کریں جہاں کلوز سرکٹ کیمرے بھی نصب ہوں۔ گاڑی میں الارم کی تنصیب ضرور کروائیں۔