نیب: نوازشریف شہبازشریف ملاقات کی درخواست مسترد

قانونی ماہرین نے دونوں رہنماؤں میں ملاقات کیلئے نیب سےرابطہ کیا تھا، حمزہ شہبازنے نوازشریف کونیب کے انکار سے متعلق آگاہ کردیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 6 اکتوبر 2018 19:31

نیب: نوازشریف شہبازشریف ملاقات کی درخواست مسترد
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اکتوبر 2018ء) نیب نے نوازشریف کی شہبازشریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی ہے، قانونی ماہرین نے نیب سے ملاقات کیلئے رابطہ کیا تھا، حمزہ شہبازنے نوازشریف کونیب کے انکار سے متعلق آگاہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے نوازشریف کی شہبازشریف سے ملاقات کرنے کی درخواست رد کردی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے اپنے بھائی سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

جس پرقانونی ٹیم نے نوازشریف اورشہبازشریف ملاقات کیلئے نیب سے رابطے کیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی شہبازشریف سے ملاقات ڈی جی نیب کی اجازت سے مشروط کی گئی تھی۔ اگر ڈی جی نیب نے اجازت دی توقائد ن لیگ نوازشریف اپنے بھائی شہبازشریف سے ملاقات کیلئے نیب آفس جائیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈی جی نیب کی اجازت ملنے پر نوازشریف اپنے بھائی شہبازشریف سے ملاقات کریں گے۔

تاہم اب نیب نے نوازشریف کی شہبازشریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی ہے۔ حمزہ شہبازنے نوازشریف کونیب کے انکار سے متعلق آگاہ کردیا۔ واضح رہے نیب لاہور نے صدر ن لیگ شہبازشریف کو گزشتہ روز صاف پانی کیس میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا جبکہ انہیں نیب آفس میں آشیانہ کیس میں گرفتار کرلیا۔ نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ شہبازشریف نے چوہدری لطیف کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے۔

نیب نے آج شہبازشریف کو احتساب میں عدالت میں پیش کیا۔جہاں پرن لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے ان کی بکتر بند گاڑی کوگھیر لیا اور نوازشریف ، شہبازشریف کے حق میں نعرے لگائے۔تاہم احتساب عدالت نے شہبازشریف کو مزید تفتیش کیلئے 10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گرفتاری کیخلاف ن لیگی کارکنان بھی سراپا احتجاج ہیں۔