بہتر طور پر سانس لینے کے لیے ایک شخص نے اپنی کھوپڑی میں 8 انچ کا چاقو گھونپ لیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 9 اکتوبر 2018 23:45

بہتر طور پر سانس لینے کے لیے ایک شخص نے اپنی کھوپڑی میں 8 انچ کا چاقو ..

ایک روسی شخص نے 8 انچ کاچاقو اپنی کھوپڑی میں گھونپ لیا، جس کے بعد معجزانہ طور پر وہ بچ بھی گیا۔ جب پولیس نے اس شخص سے ایسا کرنے کی وجہ تو اس نے بتایا کہ وہ بہتر طور پر سانس لینے کے لیے سر میں ایک اور سوراخ کرنا چاہتا تھا۔
پچھلے ہفتے روس کے علاقے کے روستوف کے ٹاؤن دونیتسک میں ایک شخص کھیتوں میں اپنے گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوا دیکھا گیا، جس کے سر میں چاقو لگا تھا۔

8 انچ کا یہ چاقو اس شخص کی کھوپڑی میں تقریباً مکمل گھسا ہوا تھا۔ حیرت انگیز طور پر یہ شخص اپنے مکمل ہوش و حواس میں تھا۔ ایسا لگتا ہی نہیں تھا کہ اسے کوئی شدید دماغی چوٹ لگی ہے۔ ایک حیرت زدہ پولیس آفیسر نے اس شخص سے پوچھا کہ اس کے سر میں کس نے چاقو مارا تو اس شخص نے سکون سے جواب دیا کہ اسے ناک سے سانس لینے میںمسئلہ ہو رہا تھا، جس پر اس نے سانس لینے کے لیے سر میں ایک اور سوراخ کر لیا مگر اب چاقو باہر نہیں نکل رہا۔

(جاری ہے)


اس شخص کا کہنا تھا ”میرا دماغ سانس نہیں لے رہا، اسی وجہ سے بلیڈ میرے سر میںپھنس گیا ہے“
روسی سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو میں پولیس آفیسر کو اس شخص کو ہدایات دینے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس آفیسر اس شخص سے کہہ رہا ہے کہ سر پر لگے چاقو کو چھونا نہیں  اور نہ ہی اپنے سر کو موڑنا۔
اس شخص کی شناخت 41 سالہ یوری زہوکوف کے نام سے ہوئی ہے۔

وہ شخص ایک فیکٹری میں کام کرتا ہے۔ اسے بہت احتیاط سے مقامی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال میں حیرت زدہ ڈاکٹر اس کے سر کو ہاتھ لگاتے ہوئے بھی ڈر رہے تھے کہ چاقو کے ہلانے سے یوری کی موت واقع ہو سکتی تھی۔
ایکسرے سے پتا چلا کہ چاقو اس شخص کے دماغ کے دونوں بل کھاتے ہوئے حصوں کے عین درمیان میں گڑا ہوا تھا۔ خوفزدہ مقامی ڈاکٹروں نے علاقائی ہسپتال میں فون کر کے کسی ماہر کو بھیجنے کی درخواست کی۔

علاقی ہسپتال سے ماہر نیورو سرجنز بھیجے گئے، جنہوں نے آکر یوری کے سر سے چاقو نکالا۔ حیرت انگیز طور پر یوری کی جان بچ گئی لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دماغ میں انفیکشن کے خطرے کی وجہ سے یوری بدستور خطرے میں ہے۔ یوری کو ایک ہفتے تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا جائے گا۔ اس کے بعد اسے نفسیاتی علاج کے لیے بھیجا جائےگا۔