نابینا افراد کو بصارت کا نور فراہم کرنے کے سلسلے میں لائلپور آئی ٹرسٹ نے مختصر عرصہ میں ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی ہیں، ڈپٹی کمشنر

بدھ 10 اکتوبر 2018 00:40

فیصل آباد۔9اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر / چیئرمین سید احمد فواد نے کہا ہے کہ نابینا افراد کو بصارت کا نور فراہم کرنے کے سلسلے میں لائلپور آئی ٹرسٹ نے مختصر عرصہ میں ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی ہیں جو فیصل آباد کا اعزاز اورانسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے ۔انہوںنے یہ بات الائیڈ ہسپتال کے شعبہ امراض چشم میں لائلپور آئی ٹرسٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ‘وائس چیئرمین/ سابق انچارج شعبہ امراض چشم الائیڈ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان ‘ سیکرٹری میاں کمال الدین ‘ ٹرسٹینر میجر ( ر ) شاہ نوازالحسن ‘ فرخ زمان ‘ سیٹھ افتخار احمد،حاجی محمد رمضان ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد آصف شہزاد ‘ ڈاکٹر محمدنواز و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقامی سطح پر آنکھوں کی پیوندکاری قابل قدر اقدام ہے جس سے بینائی سے محروم افراد کو روشنی مل رہی ہے ۔

اس سلسلے میں الائیڈ ہسپتال کے شعبہ امراض چشم کے ماہر ڈاکٹرز کی شاندار فلاحی وطبی خدمات قابل ستائش ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو روشنی فراہم کرنے کے لئے انقلابی منصوبے کو مزید مستحکم اورجدتوں سے ہمکنار کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔وائس چیئرمین/سابق انچارج شعبہ امراض چشم الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر محمد سلطان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان بھر میں آنکھوں کی پیوندکاری کے ایسے منظم نظام کااعزاز لائلپور آئی ٹرسٹ کو حاصل ہے۔

انہوںنے بتایا کہ اس شعبہ میں اب تک مجموعی طور پر325آنکھوں کے کارنیا کی پیوندکاری کی جاچکی ہے جس میں50کارنیا مقامی سطح سے عطیہ ہوئے ہیں جو کہ پہلے نیپال،کویت،سری لنکا اورامریکہ سے منگوائے جاتے تھے۔انہوںنے بتایا کہ لائلپور آئی ٹرسٹ میں ٹال فری نمبر0800-11199کی فراہمی کے علاوہ ویب سائٹ بھی قائم کی گئی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی معاونت سے نابینا افراد کی زندگی روشن کرنے کے فلاحی منصوبے کو پائیداری حاصل ہوگی۔

اس موقع پر ٹرسٹی میجر(ر)شاہنوازالحسن نے ڈپٹی کمشنر کو لائلپور آئی ٹرسٹ کے لئے 5لاکھ روپے عطیہ کا چیک پیش کیا۔اجلاس میں موجود ٹرسٹی حضرات نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا اور کہا کہ آنکھوں کے عطیات دینے سے متعلق شہریوں میں موثر آگاہی پیدا کی جائے جس کے لئے ہرممکن ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔