ڈی پی او ہری پور نے ویمن اینڈ چلڈرن سپورٹ سنٹر کے قیام کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:09

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور کیپٹن (ر) منصور امان نے ویمن اینڈ چلڈرن سپورٹ سنٹر کے قیام کیلئے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس حوالہ سے انہوں نے ڈسٹرکٹ کمیشن آن اسٹیٹس فار ویمن کی ضلعی چیئرپرسن ساجدہ حسرت خان، آغاز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ساجدہ یونس، تحریک انصاف ویمن ونگ کی ضلعی صدر و ممبر تحصیل کونسل روبینہ شاہین سے اپنے دفتر میں ملاقات کی اور ان سے ویمن اینڈ چلڈرن سپورٹ سنٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد اور کام کے طریقہ کار کے متعلق بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے بعض کیسز جو براہ راست پولیس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے ان کے حل کیلئے سنٹر قائم کر کے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دینا چاہتے ہیں جس کیلئے مختلف محکموں اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان سے مشاورت کا عمل شروع کیا ہے، بہت جلد مشترکہ میٹنگ طلب کر کے کمیٹی کی تشکیل اور سنٹر کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موجود سماجی کارکنان نے کمیٹی کی تشکیل اور سنٹر کے قیام کے متعلق اپنی طرف سے مختلف تجاویز پیش کیں اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے سنٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اورکہا کہ اس سے خواتین اور بچوں کے جملہ مسائل چاہے وہ تعزیرات پاکستان یا پولیس کے دائرہ کار میں نہ بھی آتے ہوں، انہیں حل کرنے میں مدد اور غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔