ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے 17 ویں یوم تاسیس کے موقع پر وائس چانسلر کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد

ہزارہ یونیورسٹی تعلیم و تحقیق کے میدان میں خدمات سر انجام دے رہی ہے، یہ تحقیقی حوالوں سے علم کا گہوارہ ثابت ہو گی۔ وائس چانسلر

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:31

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے 17 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس تھے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 سال قبل قائم ہونے والا ادارہ ہزارہ یونیورسٹی آج علم و ہنر اور تعلیم، تحقیق اور تخلیق کے میدان کا ایک تناور درخت بن چکا ہے جس سے نہ صرف ہزارہ ڈویژن بلکہ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلباء و طالبات اور سکالرز مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الله کے فضل اور اساتذہ اور ملازمین کی شب و روز محنت اور کاوشوں سے آج ہزارہ یونیورسٹی ملک کی بڑی اور مایہ ناز یونیورسٹیوں کی صف میں شامل ہو چکی ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ان 17 سالوں میں یونیورسٹی سے ہزاروں کی تعداد ۔

(جاری ہے)

میں فارغ التحصیل گریجویٹس ملک بھر کے مختلف اداروں میں خدمات سر انجام دیتے ہوئے ہزارہ یونیورسٹی کا نام روشن کر رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں یونیورسٹی کے سکالرز اور طلباء و طالبات تعلیمی، تحقیقی و تخلیقی میدان میں مزید کارہائے نمایاں سرانجام دیں گے جس سے ہزارہ یونیورسٹی کامیابیوں کی نئی بلندیوں کو چھو لے گی۔

یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی تعلیم و تحقیق کے میدان میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہے اور مستقبل میں ہزارہ یونیورسٹی تحقیقی و تخلیقی حوالوں سے علم کا گہوارہ ثابت ہو گی، یونیورسٹی کے اساتذہ طلباء و طالبات کو جدید تعلیمی و تحقیقی زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں جس سے طلباء کے والدین کا اس ادارے پر اعتماد بڑھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمیں ایسے ماہرین پیدا کرنے ہیں جو ملک کو ان مشکلات سے نکال سکیں اور ہزارہ یونیورسٹی اس سلسلہ میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہی ہے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں پروفیسرز، اساتذہ اور طلباء و طالبات و سکالرز نے شرکت کی۔ تقریب خصوصی طور پر یونیورسٹی کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام منعقد کی گئی۔

متعلقہ عنوان :