Live Updates

مریم نواز کے لیے الگ دفتر بنانے کے تیاریاں

مریم نواز کے لیے پارٹی سیکٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں آفس بنایا جا رہا ہے جہاں وہ روزانہ کی بنیاد پر بیٹھا کریں گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 11 اکتوبر 2018 17:15

مریم نواز کے لیے الگ دفتر بنانے کے تیاریاں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اکتوبر 2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز والدہ کے چہلم کے بعد سیاست میں دوبارہ متحرک ہوں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کے چہلم کے بعد ایک بار پھر سے سیاست میں متحرک ہوں گی۔مریم نواز کے لیے پارٹی سیکٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایک الگ آفس بھی بنایا جا رہا ہے جہاں وہ روزانہ کی بنیاد پر بیٹھا کریں گی۔

مریم نواز اپنے آفس میں بیٹھ کر پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گی جب کہ اپنی سوشل میڈیا سیل کی مانیٹرنگ کریں گی اور ایک بار پھر سے سوشل میڈیا سیل کو متحرک کریں گی۔مریم نواز حلقہ این اے 127 کے عوام سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔خیال رہے مریم نواز رہائی کے بعد سے اب تک خاموش ہیں نہ ہی ان کی جانب سے کوئی ٹویٹ جاری کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز کا ٹوئیٹر اکاونٹ بھی پارٹی کی شکست کے بعد خاموش ہو گیا۔

مریم نواز کا آخری ٹوئیٹ انتخابات سے ایک رات قبل منظر عام پر آیا تھا ۔جس میں انہوں نے الیکشن سے ایک روز پہلے اپنے ووٹرز کو متحرک کرنے کے لیے خاص پیغام جاری کیا تھا۔"ووٹ کو عزت دو" فیصلے کی گھڑی آن پہنچی ہے ۔ نکلو اور اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنی تقدیر بدل ڈالو ۔ توڑ ڈالو سب زنجیریں ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دو ۔ انشاءالله شیر آ رہا ہے ۔

تاہم اس کے بعد مریم نواز کا ٹوئیٹر اکاونٹ خاموش ہو گیا تھا۔25 جولائی سے لے کر اب تک مختلف اہم نوعیت کے واقعات وقوع پذیر ہوئے مگر مریم نواز نے چپ کا روزہ نہیں توڑا۔بیگم کلثوم نواز کی وفات پر بھی کارکنان اس امید میں تھے کہ شائد مریم نواز ٹوئیٹس کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کریں مگر وہ خاموش رہیں ۔یہانتک کہ انہیں سزا معطلی کے بعد رہا کیا گیا مگر انہوں نے خاموشی برقرار رکھی۔اب تک کی صورتحال میں حمزہ شہباز ہی پارٹی کی قیادت کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ مریم نواز نے کسی بھی قسم کا بیان دینا ضروری نہیں سمجھا۔ان کی اس پر اسرار خاموشی کے پیچھے ڈیل ہے یا کوئی اور وجہ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات