صومالیہ کی سفیر کی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ملاقات

اعلی تعلیم کے شعبہ سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 12 اکتوبر 2018 18:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2018ء) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ، ڈاکٹر طارق بنوری سے صومالیہ کی پاکستان میں تعینات سفیر مسز خدیجہ محمد المخزومی نے کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں اعلی تعلیم کے شعبہ سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے صومالیہ کی سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کروائی کے صومالیہ کے وہ طلباء جو پاکستان اعلی تعلیم کے حصول کے لیے آنا چاہتے ہیں ، ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

صومالیہ کی سفیر نے اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستانی جامعات کے کردار کو سراہتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بتایا کہ 1500صومالیہ کے طلباء پاکستانی جامعات میں زیر تعلیم ہیں ۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے ترقی پذیر ممبر ممالک کی100 طلباء کو حکومت پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے وظائف کے حوالے سے بھی بات کی گئی ۔

یاد رہے او آئی سی اسکالرشپ پروگرام کے تحت صومالیہ کے لیے آٹھ وظائف مختص کیے گئے تھے جن میں سے چار طلباء نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی، راولپنڈی میں تمام قوائد و ضوابط پر پورا اترتے ہوئے داخلہ لیا ہے جبکہ دو طلباء نے او آئی سی اسکالرشپ پروگرام کے تحت مہران یونیورسٹی آف انینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے بیچلر آف سول انجینئرنگ کے شعبہ میں داخلہ لیا ہے۔