بحریہ ٹاؤن نے کیسے غریب لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی

معروف صحافی نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ اور ملک ریاض کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اکتوبر 2018 13:54

بحریہ ٹاؤن نے کیسے غریب لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اکتوبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی محمد مالک نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ پروگرام میں بات کرتے ہوئے محمد مالک نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کی کمرشلز کو اگر دیکھا جائے تو ان کمرشلز میں آپ کو کچھ بچے نظر آئیں گے ، یہ ہمارے ہی بچے ہیں ، اللہ ان کو خوش رکھے لیکن یہ تصویر کا صرف ایک رُخ ہے، ان کے علاوہ کچھ بچے ایسے بھی ہیں، جن کے خاندانوں کو وہاں سے ہٹا دیا گیا۔

یہ بحریہ ٹاؤن کی ڈویلپمنٹ کا وہ دوسرا رُخ ہےجسے ہم دیکھنا نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ اس رُخ پر ہم سوچنا نہیں چاہتے، ان کی بات کوئی نہیں کرے گا کیونکہ یہ غریب لوگ ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے گھر ٹوٹتے بھی ہیں تو اسٹے نہیں ملتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوے کی دہائی میں سپریم کورٹ نے ڈائریکٹو دیا کہ ایک پارک کو دوبارہ بنا دیا جائے۔ عبد اللہ شاہ غازی کے مزار پر یہ وہ جگہ ہے جہاں پر اب ایک آئیکون ٹاور بنا دیا گیا ہے ۔

اس زمین پر جو قبضہ ہے اس پر 17 ہزار اسکوئیر یارڈ کی زمین ہے جس کو اس آئیکون ٹاور کے ساتھ ملا کر وہاں قبضہ کر لیا گیا ہے ، یہ زمین اربوں روپے کی جائیداد ہے۔ محمد مالک نے مزید بتایا کہ کراچی میں ایک جگہ زیر زمین پارکنگ پلازہ بنا دیا گیا ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے اور اس پر کروڑوں روپے کی مالیت آئی۔2014ء میں اس سے متعلق ایک پٹیشن دائر کی گئی لیکن اب 2018ء اپنے اختتام کو پہنچنے والا ہے لیکن 2014ء میں دائر کی جانے والی پٹیشن کی ایک بھی سماعت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ ان گروپس کا اتنا زور ہے کہ کوئی بھی ان کے خلاف کارروائی نہیں کر سکا۔ اور وہ غریب لوگ جن کے گھر اُجڑے ، ان کی بھی کوئی سننے والا نہیں ہے کیونکہ ایک تو وہ غریب ہیں اور دوسرا وہ کسی وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔