این اے131 لاہور: مسلم لیگ ن کی پی ٹی آئی کی نشست پرجیت

ن لیگی امیدوار خواجہ سعد رفیق 60 ہزار352 ووٹوں سے کامیاب، جبکہ تحریک انصاف کے ہمایوں اخترخان کو10ہزار ووٹوں کے ساتھ شکست

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اکتوبر 2018 01:17

این اے131 لاہور: مسلم لیگ ن کی پی ٹی آئی کی نشست پرجیت
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) ملک بھر میں ضمنی انتخابات 2018ء میں انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، انتخابی حلقہ این اے 131 لاہور سے 242 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج سامنے آگئے ہیں، جس میں غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق این اے 131 لاہور سے مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق 60 ہزار352 ووٹ لے کرکامیاب ہو گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے ہمایوں اخترخان 50 ہزار155 ووٹ لے کرشکست کھا گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ حلقے میں قائم 242 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔ قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔

واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔ جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔ الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔