صبغت اللہ قادری کی کتاب ’’بکھری یادیں اور باتیں ‘‘ کی تقریب رونمائی

پیر 15 اکتوبر 2018 23:19

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ صبغت اللہ قادری ایک سچے انسان ہیں، لندن میں رہتے ہوئے بھی انہوں نے اپنے ملک پاکستان سے ہمیشہ محبت کی، یہ کتاب ان کی زندگی کے ہر پہلو کی عکاسی کرتی ہے۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے صبغت اللہ قادری کی کتاب ’’بکھری یادیں اور باتیں ‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ ان کی زندگی سے ایمانداری اور سچائی کے اہم پہلو کو سیکھیں، ہم انھیں ان کی پوری زندگی کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر معصومہ حسن نے کہا کہ صبغت اللہ قادری نے بیرسٹری اور وکالت میں بہت اونچا مقام حاصل کیا، وہ اپنے دور میں ترقی پسند تحریک کے اہم رکن تھے۔

(جاری ہے)

جسٹس رشید رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صبغت اللہ قادری نے اپنی پوری زندگی جدوجہد میں گزاری، انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور بھلائی کے لیے آواز اٹھائی صبغت اللہ قادری کی کتاب ان کی پوری زندگی کی جدوجہد کو اجاگر کرتی ہے۔

جسٹس آغا رفیق نے کہا کہ صبغت اللہ قادری کے ہمارے ملک پر بہت احسان ہیں انہوں نے پاکستان کی طلباء تحریک کی بھی نمائندگی کی۔ پاکستان کے معروف فنکار طلعت حسین نے صبغت اللہ قادری کی شخصیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے لیے ایک مثالی شخصیت کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کو چند الفاظ میں بیان کرنا نا ممکن ہے، وہ ایک باغ وبہار شخصیت ہیں۔ تقریب کے موقع پر حبیب جان، انور عزیز، خواجہ نوید،قاضی بشیر، صادق عمرانی سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کتاب کے مصنف بیرسٹر صبغت اللہ قادری نے کہا کہ میں مشکور ہوں صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ کا جنہوں نے اس تقریب کا اہتمام کیا، میں عرصہٴ دراز کے بعد اس کتاب ِ رونمائی کی وجہ سے ان لوگوں سے ملا ہوں جو ترقی پسند تحریک کا حصہ تھے ، بکھری ہوئی یادوں کو یکجا کرتے وقت آج وہ لوگ بھی یاد ہیں جنہوں نے مجھے طلباء تحریک میں شامل کیا ۔ انہوں نے تقریب میں موجود سیاسی رہنما ، وکلاء اور صحافیوں سمیت تمام شرکاء سے اظہار تشکر کیا اور اپنے ملک سے محبت کرنے کا پیغام دیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مجاہد بریلوی نے سرانجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :