کراچی ، آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع موبائل فون کی فرنچائز پر ڈکیتی کی واردات، تن تنہا ملزم نے فرنچائز عملے کو اسلحہ دکھا کر لوٹ لیا

پیر 15 اکتوبر 2018 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع موبائل فون کی فرنچائز پر ڈکیتی کی واردات، تن تنہا ملزم نے فرنچائز عملے کو اسلحہ دکھا کر لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے دعوے صرف دستاویزات تک ہی محدود رہ گئے ہیں، اسٹریٹ کریمنل دن دیہاڑے شہریوں کو ان کی قیمتی اشیا سے محروم کرنے کے بعد رفوچکر ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کی نت نئی حکمت عملیاں بھی لٹیروں کو لگام ڈالنے میں ناکام ہوگئیں۔ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع موبائل فون فرنچائز پر تنہا ملزم نے فرنچائز کے عملے کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد ان سے ان کی قیمتی اشیا سے محروم کردیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، فوٹیج میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ کسٹمر کے انداز میں تنہا آنے والے ملزم نے فرنچائز عملے کو اسلحہ دکھا کر لوٹ مار شروع کردی، تنہا آنے والے ملزم نے اپنے اسکول بیگ میں اسلحہ چھپا رکھا تھا، پینٹ شرٹ میں ملبوس لٹیرے نے ماسک سے چہرہ بھی چھپا رکھا تھا۔