ڈھونگ انتخابات کشمیر کی سنگین صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے اوربھارتی مظالم پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے : آغا حسن

منگل 16 اکتوبر 2018 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنمااور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نام نہاد بلدیاتی انتخابات کو کشمیر کی سنگین صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے اوراپنے مظالم پر پردہ ڈالنے کی بھارتی کوشش قرار دیاہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کے تمام مرحلے بھارت اور اس کے گماشتوں کیلئے انتہائی رسوا کن ثابت ہوئے ہیں اور عوام نے اپنے شہداء کے مقدس نصب العین کے ساتھ تجدید وفا کا شاندار مظاہرہ کیا ہے جس سے بھارت کے مذموم عزائم پر پانی پھر چکا ہے۔

انہوں نے کشمیری عوام کوضمیر فروش بھارتی آلہ کاروں کے گمراہ کُن پروپیگنڈے سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈھونگ بلدیاتی انتخابات محض ایک گمراہ کُن اور مضحکہ خیز عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضمیر فروش بھارتی آلہ کار اب اپنے حقیر مقاصد کے حصول کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور کشمیریوں کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے تاکید کی کہ وہ ان آلہ کاروں کے گمراہ کن پروپیگنڈے میں نہ آئیں۔