کے ایم یو نے صوبے کے تمام پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کا آغا زکر دیا

منگل 16 اکتوبر 2018 19:21

پشاور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے کے پاکستان میڈیکل ایڈ ڈینٹل کونسل کے ساتھ رجسٹرڈ تمام پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں سیشن 2018-19کے سنٹرالائیزڈ داخلوں کا آغا زکردیا ہے۔داخلہ فارم کے ایم یو میں 16اکتوبر سے وصول کیئے جا رہے ہیں جو بلا تعطل ہفتے کے سات روزصبح 9بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے وصول کیئے جائیں گے ۔

واضح رہے کہ پی ایم ڈی سی نے حال ہی میں جاری ہونے والی نئی ریگولیشنزکے تحت خیبر پختونخوا کے تمام سرکار ی اور پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیئے کے ایم یو کو ایڈمٹنگ یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے جس کے تحت سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلہ فارم جمع کرانے کاپہلا مرحلہ گزشتہ روز کامیابی سے اختتام پزیر ہو چکا ہے جب کہ پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کا داخلہ شیڈول گزشتہ روز جاری کر دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ایم ڈی سی کی نئی ریگولیشنز کے تحت صوبے کے تمام پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوںمیںخیبر پختونخوا ،فاٹا،گلگت بلتستان اور آذاد جموں وکشمیر کے ڈومیسائل ہولڈرز کے علاوہ اوپن میرٹ اور فارن ،اوورسیزاور دوہری شہریت کے حامل دیگر صوبوں کے طلباء وطالبات بھی داخلے کے اہل ہوں گے ۔داخلے پی ایم ڈی سی کے معیار یعنی میٹرک یا مساوی10فیصد،ایف ایس سی پری میڈیکل یا مساوی40فیصد اور ایٹا ،ایم کیٹ یا سیٹ IIٹیسٹ کی50فیصد نمبروں پر مشتمل میرٹ فارمولے کے تحت دیئے جائیں گے۔

خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امیدوران کے ایم یو کی ویب سائیٹ www.kmu.edu.pk سے داخلہ فارم ، داخلہ پالیسی اور بینک چالان فارم ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔جبکہ داخلہ فارم بمع مصدقہ دستاویزات 28اکتوبر تک صبح 9بجے سے شام 5بجے تک کے ایم یو فیز 5حیات آباد میں جمع کرائے جا سکتے ہیں ۔ امیدوران کو فارم کے ساتھ ساتھ ایم سی بی بینک کی کسی بھی شاخ میں مبلغ ڈھائی ہزار روپے بطور فارم پراسسنگ فیس جمع کر کے اس کی رسید داخلہ فارم کے ہمراہ لگانے کے علاوہ درخواست فارم دستی طور پر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ کوریئر اور ڈاک کے ذریعے بھیجی جانے والی درخواستوں پر قطعاً غور نہیں کیا جائے گا ۔

اسی طرح داخلہ فارم میں متعلقہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی ترجیح ایک دفعہ ظاہر کرنے کے بعد اس میں کسی قسم کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔