لاہور ، ووٹ کو عزت دینے والوں کا رویہ صوبائی بجٹ اجلاس میں پوری قوم نے دیکھا،صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان

منگل 16 اکتوبر 2018 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دینے والوں کا رویہ صوبائی بجٹ اجلاس میں پوری قوم نے دیکھا۔ ن لیگ کے ممبران اسمبلی نے شہبازشریف چھوٹو کی قیادت میں جو غنڈہ گردی کی اس وقت حمزہ شریف کے چہرے پر معنی خیز مسکراہٹ تھی۔ ن لیگ نے سیکرٹری اسمبلی پر حملہ کیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

ن لیگی کارکن اگلے دو ہفتہ بھی شہباز شریف کا چہرہ نہیں دیکھ سکیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے اجلاس کے بعد اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بابر علینہ خان کے حوالے سے کہا کہ عورت کی حرمت پر حملہ کیا گیا، مخالف کی ماں، بہن اور بیٹی کے خلاف بات کرنا چھوڑ دیں اور حمزہ شہباز شیشے کے محل میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں، یاد رکھیں ان کو کھربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تفتیشی ادارے آزاد ہیں، کرپشن کی گاجریں کھائیں ہیں تو پھر چیخیں کیوں مار رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب کو لوٹنے والوں کا احتساب کرنا ہے۔