امریکہ نے پاکستان پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے

امریکہ پاکستان سے کیا مطالبہ کر رہا ہے؟ معروف صحافی نے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 اکتوبر 2018 11:22

امریکہ نے پاکستان پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی عارف نظامی نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے آئی ایم ایف کے نمائندوں سےملاقات بھی کی اور پاکستان نے آئی ایم ایف سے باقاعدہ قرضے کی اپیل بھی کر دی لیکن امریکہ اور چین کے مابین جو چپقلش ہے ، وہ چاہے تجارتی ہے یا اسٹریٹجک، ہو سکتا ہے کہ اس کی وجہ سے پاکستان کے لیے اس مرتبہ آئی ایم ایف سے لیا جانے والا قرضے کا پیکج اس قدر مشکل ہو جائے ، یا اتنا نا ممکن شرائط پر ہو کہ ہم سوچ میں پڑجائیں کہ اب کیا کریں۔

ا س حوالے سے متعلقہ حکام کو سوچنا چاہئیے۔ اب ہمیں گورننس کے مسائل کو بھی دیکھنا چاہئیے۔ اگر میں یہ کہہ دوں کہ اتنے ملین ہم درخت لگا دیں گے اور اتنے کروڑ ہم گھر بنا دیں گے، اس سے لوگوں کا مداوا بھی نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

حکومت کہتی ہے کہ ہم اتنی یونیورسٹیاں بنا دیں گے ، یونیورسٹیاں بننی چاہئیں بہت اچھی بات ہے لیکن یونیورسٹیاں بنانے کے لیے پیسے بھی تو چاہئیے ہوں گے۔

گھر بنانے کے لیے بھی پیسے چاہئیے ہوں گے اس کے لیے جب تک ملک کی معاشی صورتحال ٹھیک نہیں ہو گی ایسا کچھ نہیں ہو سکے گا۔ اور اب تو یہاں قرض کی مے بھی نہیں مل رہی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر آئی ایم ایف سے باضابطہ رابطہ کیا۔جس پر آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کے سامنے کڑی شرائط رکھ دیں۔ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لوگارڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مکمل شفافیت کے ساتھ بتانا ہو گا کہ اس نے چین سمیت کس سے کب کب قرض لیا اور کہاں خرچ کیا۔

کرسٹین لوگارڈ کے مطابق کسی ملک کو بھی بیل آؤٹ پیکج دینے سے قبل اس کے تمام قرضوں کے بارے میں مکمل آگاہی ضروری ہوتی ہے۔ دیکھا جائے گا کہ پاکستان اب قرض کا کتنا بوجھ برداشت کر سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کو رواں سال کے دوران 8 سے 9 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔