روپے کی قدر میں مسلسل کمی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین ہے ’افتخار بشیر

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت بڑھنے سے حکومتی قرضوں اور مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ڈالر مہنگا ہونے سے درآمدی صنعتی خام مال مہنگا،صنعتی شعبہ پر مالی بوجھ بڑھے گا‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:42

روپے کی قدر میں مسلسل کمی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین ہے ’افتخار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی قیمت میں26فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے ،روپے کی قدر میں مسلسل کمی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین ہے ،ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے بیرونی قرضوں میں مزید اضافہ ہوا،ڈالر مہنگا ہونے سے صنعتوں میں استعمال ہونے والا درآمدی خام مال مہنگا ہوگا جس سے صنعتی شعبہ پر مزید مالی بوجھ بڑھے گااور اشیاء کی قیمتیں مہنگی ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام کیلئے اقدامات کیے جائیں کیونکہ مضبو ط معاشی پالیسیوں سے ہی ملکی معیشت مستحکم ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کا سب سے زیادہ اثر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑے گا جو بیشتر درآمد کی جاتی ہیں پٹرول ڈیزل مہنگا ہونے کے نتیجہ میں کرائے اور ٹرانسپورٹ کی لاگت میں اضافے کی شکل میں ظاہر ہوگا جس سے اشیاء کی ترسیل کی لاگت بڑھے گی اور نتیجہ عوام کو مہنگائی کی شکل میں بھگتنا پڑے گا اس لیے حکومت ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرے اور روپے کی قدر میں اضافہ کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔