پی او اے کے صدر جنرل عارف حسن کی عمر ایسوسی ایٹس سافٹ بال ٹیم کے قیام پر مبارکباد

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او ای) کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے کاہ ہے کہ ایسے وقت میں جب مختلف اداروں میں ڈائون سائزنگ کے نام پر کھیلوں کی ٹیمیں بند ہونے کے باعث کھلاڑی بے روزگار اور معاشی طور پر پریشانی کا شکار ہیں، عمر ایسوسی ایٹس کے سی ای او ندیم عمر کی جانب سے ویمنز سافٹ بال ٹیم کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے، پرائیوٹ سیکٹر سے سامنے آنے والے اس اقدام سے ملک کی خواتین کھلاڑیوں میں سافٹ بال کی شمولیت کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور میں اس بہترین کاوش پر ندیم عمر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ نیشنل سافٹ بال اکیڈمی نے مختصر مدت میں جس محنت اور جذبے سے اپنا لوہا منوایا ہے وہ قابل فخر اور لائق تحسین ہے، اکیڈمی میں زیر تربیت باصلاحیت کھلاڑیوں کی عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم میں شمولیت سے نہ صرف انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ مستقبل میں انٹرنیشنل لیول پر بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آ سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ عمر ایسوسی ایٹس کے پلیٹ فارم سے قومی خدمت کی تقلید دیگر ادارے بھی کریں۔ سید عارف حسن نے کہا کہ ہمارا مشن کھیلوں کے ذریعے نوجوان نسل کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے جس کے لئے ہماری اولین ترجیح ہے کہ ملک میں لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو بھی کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کریں کیونکہ ہماری خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ ہر میدان میں ملک و قوم کی خدمت کرنے کے جذبے سے سرشار ہیں اور صحت مند و مضبوط پاکستان کے حصول کے لئے کھیلوں کے ذریعے ہماری نئی نسل ہر اول دستے کا کردار ادا کر سکتی ہے، این ایس اے کے تحت اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز ہمارے مقصد کی ترجمانی ہے، نچلی سطح سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے مشن میں این ایس اے کو پاکستان اولمپک کی جانب سے مکمل معاونت اور تعاون حاصل رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کا اسپورٹس میں آنے اور اس نوعیت کی کامیابیاں حاصل کرنے میں ان کے والدین، اساتذہ اور این ایس اے کے کوچز کا کردار لائق تحسین و قابل مبارکباد ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی سرسبز پاکستان مہم میں بھی نیشنل سافٹ بال اکیڈمی شجر کاری کے ذریعے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور اس ضمن میں اگلے ماہ کراچی میں سی ویو کلفٹن پر پہلے بیچ (Beach) سافٹ بال فیسٹیول میں شریک کھلاڑی، آفیشلز اور شہری سمندر کی صفائی اور شجر کاری مہم میں بھی حصہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :