حکومت دکھی انسانیت کی خدمت کے اقدامات کو مربوط اور منظم بنانے کیلئے نئے عزم کے تحت کام کر رہی ہے، صوبائی وزیر سماجی بہبود

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:36

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دکھی انسانیت کی خدمت کے اقدامات کو مربوط اور منظم بنانے کے لئے نئے عزم کے تحت کام کر رہی ہے تاکہ غریب اور مستحق افراد کی بہتر انداز میں حاجت روائی ہو سکے ۔ وہ الائیڈ ہسپتال کے دورہ کے دوران شعبہ میڈیکل سوشل سروسز کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق بریفنگ لے رہے تھے ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف ‘ ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر اکرم چیمہ ‘ ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر فہیم یوسف ‘ میڈیکل سوشل آفیسرز عنبرین اقبال ‘ ثناء الله و دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود نے غریب اور مستحق مریضوں کے لئے ادویات و دیگر طبی وسائل کا بندوبست کرنے کے سلسلے میں شعبہ میڈیکل سوشل سروسز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے وسیلہ اور محروم طبقات کے لئے دیگر سماجی سرگرمیوں کے ساتھ غریب افراد کو علاج معالجہ میں مدد فراہم کرنا انتہائی اہم نوعیت کا فریضہ ہے جس پر گہری توجہ مرکوز ہونی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کے لئے زکوة فنڈز کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی مالی وسائل فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مخیر حضرات کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ خدمت خلق کا جذبہ ایک فلاحی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے ۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف اور میڈیکل سوشل آفیسر عنبرین اقبال نے مستحق مریضوں کے لئے ادویات و دیگر طبی ضروریات کا اہتمام کرنے کے سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مالی سال میں زکوة فنڈز اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی معاونت سے غریب مریضوں کی فلاح کے لئے سوا تین کروڑ روپے کے فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں ۔

بعدازاں صوبائی وزیر سماجی بہبود نے الائیڈ ہسپتال کے مختلف شعبوں سمیت ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کرکے میڈیکل سروسز کے معیار کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال سے رجوع کرنے والے مریضوں کو تیز رفتار طبی سہولیات کی فراہمی پر گہری توجہ دی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے زخمیوں و دیگر مریضوں کا فوری علاج شروع کر دیا جائے اس سلسلے میں چارٹ بنانے یا دیگر کوائف کے اندراج کا انتظار نہ کریں ۔

صوبائی وزیر نے مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت صحت کی جدید و منظم سہولیات کی توسیع کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اب ہسپتالوں کے ثمرات حقیقی معنوں میں عام مریضوں تک پہنچیں گے ۔

متعلقہ عنوان :