یوتھ اولمپکس گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے قومی ریسلر عنایت اللہ کا وطن واپس پہنچنے پر پرتپاک استقبال

اپنی جیت پاکستان کے نام کرتا ہوں، وطن عزیز کا نام روشن کرنے پر فخر ہے‘ وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 21 اکتوبر 2018 13:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) پاکستان کو یوتھ اولمپکس گیمز میں پہلا کانسی کا تمغہ دلوانے والے قومی ریسلر عنایت اللہ وطن واپس پہنچ گئے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر قومی ہیرو کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ارجنٹائن میں قومی پرچم بلند کرنے والے ریسلر عنایت اللہ کا وطن واپس پہنچنے پر فیڈریشن اور دوست احباب کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

قومی ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ قومی ریسلر عنایت اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جیت پاکستان کے نام کرتے ہیں۔ ایونٹ میں دو سو سے زائد ملکوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ وطن عزیز کا نام روشن کرنے پر فخر ہے۔ریسلر عنایت اللہ نے 65کلو گرام کیٹیگری میں امریکن ریسلر کو شکست دے کر پاکستان کے لیے پہلا کانسی کا میڈل اپنے نام کیا۔