کمسن بچی تشدکیس ،چائلڈ پروٹیکشن افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج ،ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ، سی پی او راولپنڈی عباس احسن کی پریس کانفرنس

اتوار 21 اکتوبر 2018 21:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) راولپنڈی پولیس نے کمسن بچی پر تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ،ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی ۔یہ باتیں سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے اتوار کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کمسن گھریلو ملازمہ کنزہ شبیر پر تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے ۔

سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے بتایا کہ سوشل میڈیا پرراولپنڈی ولائیت کالونی میں ڈاکٹر محسن ریاض اور عمارہ ریاض کے گھریلو کمسن ملازمہ بچی پر مبینہ تشدد اور بچی کو تشویشناک حالت میں باپ کے حوالے کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے حقائق کی تصدیق کے لئے ایس ایچ او ائیر پورٹ محمد عامر خان انسپکٹرکو لیڈیز پولیس کے ہمراہ چک نمبر484گ ب تھوتھیاں تحصیل سمندری ضلع فیصل آبادروانہ کیا جبکہ سجاد حسین اے ایس آئی کو معاملہ کو درست طریقے سے ہینڈل نہ کر نے پر معطل تبدیل لائن کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کنزہ شبیر کو ایس ایچ اوتھانہ ائیر پورٹ محمد عامر خان انسپکٹر اپنی ٹیم کے ہمراہ علیٰ الصبح سمندری سے ہمراہ لے کر راولپنڈی آئے ۔چائلڈ پروٹیکشن افسر راولپنڈی محمد نوید اختر نے اطلا ع موصول ہونے پر تھانہ ائیر پورٹ میں ڈاکٹر محسن ریاض اور عمارہ ریاض کے خلاف کمسن بچی کنزہ کو غیر قانونی تحویل میں رکھنے اور ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے پر درخواست پیش کی جس پرکمسن بچی کنزہ شبیر کا طبی معائنہ کروانے کے بعد تھانہ ائیر پورٹ میں مقدمہ نمبر787 درج کر لیا گیا ۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سی پی او نے کہاکہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔